بھارت میں کرونا کی تازہ صورتحال جانئے
1۔ بھارت میں جمعرات کو کرونا وائرس کے مزید 3645 مریض جان سے گئے، جس کے بعد تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس کے علاوہ 3 لاکھ 79 ہزار نئے کیس بھی سامنے آئے ہیں۔ 2۔ ایک اور یورپی ملک آسٹریا نے بھی بھارت سے مسافروں کی آمد پر پابندی لگادی ہے۔
آسٹریا کا کہنا ہے کہ اگرچہ بھارت سے براہ راست پروازیں نہیں آتیں، لیکن چارٹرطیارے پر لوگ آسکتے تھے، اس لئے یہ پابندی لگائی گئی ہے۔
3۔ جرمن خبررساں ادارے ’’ڈی ڈبلیو‘‘ نے بعض آزاد ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارت میں اصل انفیکشن اور ہلاکتوں کی تعداد سرکاری اعداد وشمار سے کہیں زیادہ ہے، کیونکہ ایک تو ملک میں ٹیسٹ کی سہولیات کم ہیں دوسرے اسپتالوں میں جگہ نہیں ہے اس لیے بہت سے لوگوں کا گھروں میں ہی انتقال ہو رہا ہے۔ پھر بیشتر اسپتال ایسے مریضوں کی موت کے سرٹیفکٹ پر کرونا لکھنے سے بھی گریز کرتے ہیں۔
4۔ ادھر مزید 2 یورپی ملک اسپین میں بھی بھارتی وائرس کے مریض نکل آئے ہیں، ہسپانوی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ Andalusia میں بھارتی وائرس کا مریض پایا گیا ہے، اسی طرح Valencia میں بھی ایک خاتون میں بھارتی وائرس پایا گیا ہے، جس کی بہن نے حال ہی میں بھارت کا سفر کیا تھا، اسپین کے پڑوسی ملک پرتگال میں بھی بھارتی وائرس کے 6 مریض سامنے آئے ہیں، پرتگالی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ ان میں سے کسی مریض نے بھارت کا سفر نہیں کیا، اس کا مطلب ہے کہ یہ کمیونٹی ٹرانسمیشن ہے۔
دوسری طرف عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ بھارتی وائرس کے مریض اب تک 17 ملکوں میں سامنے آچکے ہیں، عالمی ادارہ کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی وائرس پر تحقیق کررہے ہیں ،لیکن یہ واضح ہے کہ یہ وائرس تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
5۔ بھارت میں کرونا وائرس کی وجہ سے اسپتالوں میں جگہ ہے اور نہ ایمبولینسیں دستیاب ، ایسے میں ریاست تلنگانہ میں ایک بوڑھے شخص سوامی کی ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں وہ کرونا سے ہلاک اپنی اہلیہ کی میت کو کندھوں پر اٹھا کر مشکل سے لے جارہا ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کی بیوی ریلوے اسٹیشن پر فوت ہوئی ، لیکن وہاں موجود پولیس اہلکاروں اور لوگوں نے وبا لگنے کے خوف سے اسے اٹھانے اور شمشان گھاٹ تک لےجانے میں مدد دینے سےانکار کردیا، اس طرح وہ بے چار ا اکیلا مشکل سے لاش اٹھائےشمشان گھاٹ کی طرف چل دیا،
6۔الہ آباد کی جیل میں کرونا کی وبا پھیل گئی ہے اور حکام کے مطابق 12 اہلکار اور 125 قیدیوں کا ٹیسٹ پازیٹو آگیا ہے۔ جیل میں چار ہزار سے زیادہ قیدی ہیں۔
7۔ بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ کرونا سے متاثرہ بھارتیوں کے عزیز اپنے پیاروں کے لئے اسپتالوں میں بیڈ اور آکسیجن کا انتظام کرنے کے لئے سوشل میڈیا پر مدد مانگتے نظر آتے ہیں، اسی طرح لوگ کرونا کے مریضوں کے لئے استعمال ہونے والی دوا اور پلازمہ کے لئے بھی سوشل میڈیا پر اپیلیں کررہےہیں،1200 روپے میں ملنے والی گولیوں کا پیکٹ اب بلیک میں ایک لاکھ تک میں بیچا جارہا ہے۔