کرونا نے یورپی وزیر کو تھکا دیا،کیا اعلان کیا؟

0

ویانا: کرونا کی وبا نے یورپی ملک کے وزیر صحت کو بھی تھکا دیا، پندرہ ماہ وزارت سنبھالی لیکن ایسا لگتا ہے کہ پندرہ برسوں سے کام کررہا ہوں، اب بس ہوگئی ہے، میری ہمت جواب دے گئی ہے، وزیرصحت روڈلف انشوبر اپنے اقدامات سے عوام میں خاصے مقبول ہوچکے تھے۔

تفصیلات کے مطابق کرونا کی وبا نے دنیا بھر میں انسانوں پر ذہنی دباؤ میں اضافہ کیا ہے، لیکن صحت کے شعبے سے متعلق  افراد تو بالخصوص مستقل دباؤ کا شکار ہیں، ایسے میں یورپی ملک آسٹریا کے وزیرصحت روڈلف انشوبر Rudolf Anschober نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ کرونا بحران سے نمٹنے کی کوششیں کر کر کے  تھک گئے ہیں، روڈلف انشوبر گرین پارٹی کے رہنما ہیں، جو گزشتہ برس اتحادی حکومت میں وزیر صحت بنے تھے، ان کا کہنا ہے کہ کرونا کی وجہ سے  جو دباؤ ہے، اس کی وجہ سے ایسا لگتا ہے میں 15 ماہ نہیں بلکہ 15 سالوں سے کام کر رہا ہوں، میری ہمت اب جواب دے گئی ہے، اس لئے میں نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے شہریوں کو خبردار کیا کہ کرونا کی وبا پوری قوت کے ساتھ اب بھی موجود ہے، لہذا کوئی بھی صورتحال کو آسان نہ لے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے اب صحت کے مسائل ہونے لگے ہیں، انہوں نے ایک ہفتہ چھٹی لے کر آرام بھی کیا، تاہم اب وہ مستعفی ہورہے ہیں، انہوں نے استعفیٰ کا اعلان ایسے موقع پر کیا ہے، جب آسٹریا میں وبا پر قابو پانے کے حوالے سے ان کے اقدامات  کی وجہ سے وہ عوام میں خاصے مقبول ہوچکے ہیں، ان کے اقدامات کی وجہ سے آسٹریا دیگر یورپی ملکوں کے مقابلے میں   کرونا سے کم متاثر ہوا، انشوبر اس سے پہلے یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ کرونا کے دوران لاک ڈاؤن اور پابندیاں لگانا ان کے لئے چیلنج تھا، کیوں کہ گرین پارٹی کا منشور تو آزادی کا حامی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.