فرانس میں رمضان سے قبل دو مساجد پر حملے

0

پیرس: فرانس میں رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہونے سے قبل دو مساجد پر حملے کئے گئے ہیں، ان حملوں میں مساجد کو جلانے کی کوشش کی گئی ہے، جبکہ وہاں مسلمانوں کے خلاف نعرے بھی تحریر کردئیے گئے، فرانسیسی حکومت نے واقعات کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فرانس کے شہر نینتز میں انتہاپسندوں نے جمعہ کی شب مسجد پر حملہ کیا، اس وقت مسجد بند تھی، انہوں نے مسجد کے ایک دروازے کے قریب کچرے سے بھرا ڈرم رکھا، اور اسے آگ لگادی، پولیس کے مطابق مسجد کو آگ لگانے کا واقعہ رات 2 بج کر 50 منٹ پر پیش آیا۔ آگ لگنے سے مسجد کا دروازہ جل گیا جبکہ فرش اور دیواریں بھی سیاہ ہوگئیں، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور شواہد جمع کئے جارہے ہیں۔

اس دوران فرانس کے ایک دوسرے شہر رینیز میں بھی ایک مسجد پر حملہ  کیا گیا ہے، یہ حملہ بھی ایسے وقت کیا گیا جب مسجد بند تھی، حملہ آوروں نے مسجد کی دیواروں پر اسلام مخالف نعرے بھی درج کئے۔ فرانسیسی وزیر داخلہ جیرالڈ درمانن نے مساجد پر حملوں کی سخت مذمت کی ہے اور  ذمہ داران کو جلد  پکڑنے کا عزم ظاہر کیا ہے، انہوں نے کہا کہ مذہبی عبادات کی آزادی جمہوریہ فرانس کا ایک بنیادی قانون ہے۔ فرانسیسی وزیر داخلہ نے مسلمان تنظیموں کو یقین دہانی کروائی ہے کہ شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.