روپیہ کی نئی بلندی کیا ہوگی؟

0

اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں نے ایک بار پھر پاکستان میں ڈالروں کے ڈھیر لگادئیے، ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے کے بعد ڈالر کی روپے کے مقابلے میں لڑکھڑاہٹ مزید بڑھنے کا امکان ہے، اور ماہرین نے ڈالر کی نئی قدر کے بارے میں پیشگوئی بھی کردی ہے، اس وقت ڈالر کی قیمت 152 روپے 40 پیسے ہے۔

تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں نے مارچ میں 2 ارب 70 کروڑ ڈالر کی ترسیلات بھیجی ہیں، جو گزشتہ برس مارچ کے مقابلے میں ریکارڈ 43 فیصد زیادہ ہیں۔ رواں مالی سال جولائی تا مارچ کے دوران اوورسیز پاکستانیوں نے 21 ارب 50 کروڑ ڈالر کی ترسیلات  بھیجی ہیں، جبکہ گزشتہ سال کے اس عرصے میں یہ ترسیلات 17 ارب ڈالر تھیں، اس طرح رواں برس ترسیلات میں ساڑھے 4 ارب ڈالر اضافی وصول ہوئے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے  بھی  ٹوئٹر پیغام میں بیرون ملک پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے مسلسل 10 ماہ بھی دو ارب  ڈالرسے زائد رقوم پاکستان بھیجیں جو ایک ریکارڈ ہے اور وہ اس پر ان کے شکر گزار ہیں۔

دوسری طرف ترسیلات بڑھنے اور کرنٹ اکاؤنٹ پلس میں جانے سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی اونچی اڑان جاری ہے، اور   ڈالر 153 روپے سے بھی نیچے چلاگیا ہے، فاریکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر ملک بوستان کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں ڈالر کا خریدار موجود نہیں، جبکہ فروخت کرنے والے بہت ہیں، رمضان میں اوورسیز پاکستانیوں  کی جانب سے ترسیلات مزید بڑھ جاتی ہیں، ایسے میں ڈالر 145 روپے کی سطح پر جاتا نظر آرہا ہے، انہوں نے بتایا کہ ایکسچینج کمپنیاں ہر ماہ 30 سے 40 کروڑ ڈالر بینکوں میں جمع کرا رہی ہیں، کیوں کہ مارکیٹ میں ڈالر کا خریدار نہیں ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.