اٹلی میں کس نے کاروبار کھول لیے

0

روم: اٹلی میں کاروباری بندش کے خلاف احتجاج شروع ہونے کے بعد کچھ تاجروں نے پابندیوں کے باوجود اپنی دکانیں اور دیگر مراکز کھولنے شروع کردئیے ہیںِ، ان میں جم مالکان بھی پیش پیش ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کرونا پابندیوں کی وجہ سے پہلے ہی جم مالکان کا بہت نقصان ہوچکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں جم مالکان کی تنظیم ANPALS کے سربراہ Giampiero Guglielmi نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم کے 20 فیصد ارکان نے حکومتی پابندیوں کی پروا نہ کرتے ہوئے اپنے جم کھولنے شروع کردئیے ہیں، اطالوی سرکاری خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روم میں منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس پر ہوئے مظاہرے کے بعد اب بہت سے جم مالکان حکومتی پابندیوں کے خلاف بغاوت کے موڈ میں آچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ جم تو ویسے بھی صحت بہتر بنانے کی جگہ ہے، اور ان پر پابندی کا کوئی جواز نہیں ہے، آپ  پارک جائیں، بس میں سفر کریں، تو انفیکشن لگنے کا خطرہ موجود ہوتا ہے، لیکن اس کے مقابلے میں جم میں وبا سے متاثر ہونے کا خطرہ بہت کم ہوتا ہے، کیوں کہ وہاں پر رش نہیں ہوتا، اور لوگ صحت مند سرگرمی کے لئے آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرونا پابندیوں کی وجہ سے پہلے ہی جم مالکان کا بہت نقصان ہوچکا ہے، ہمارے نقصان کا تخمینہ 200 ہزار یورو تک ہے، لیکن ہمیں امداد صرف 7 ہزار یورو تک دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ پابندی کے باوجود جم  کھولنا غیر قانونی ہے، لیکن ہمارے لئے پیٹ پالنا مسئلہ بنا ہوا ہے، ہمارے پاس اب کھونے کے لئے کچھ نہیں ہے، ہم حکومت کی طرف سے کارروائی برداشت کرلیں گے لیکن ہمیں جم کھولنے ہوں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.