کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر یورپی ملک کی وزیراعظم کو جرمانہ

0

اوسلو: یورپی ملک کی وزیر اعظم کو کرونا وبا کے دوران سالگرہ کی تقریب منعقد کرنا مہنگا پڑگیا، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پولیس نے اپنی ہی وزیراعظم کو ساڑھے 3 لاکھ روپے جرمانہ کردیا، خاتون وزیراعظم نے تقریب منعقد کرنے پر قوم سے معافی مانگ لی۔

تفصیلات کے مطابق ناروے میں 10 سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی ہے، تاہم ناروے کی وزیراعظم ایرنا سولبرگ نے گزشتہ ماہ اپنی سالگرہ کی تقریب منعقد کی تھی، جس میں فیملی کے 13 سے زائد لوگ مدعو تھے، جبکہ اپنی سالگرہ کی تقریب میں انہوں نے سماجی فاصلے کو بھی نظر انداز کیا، جس پر پولیس انتظامیہ نے ان پر جرمانہ عائد کردیا ہے، پولیس انتظامیہ کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہیں۔ پولیس نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ملک کی وزیراعظم پر 20000 کرونکر (1713 پاؤنڈ) جرمانہ عائد کیا جوکہ پاکستانی کرنسی میں ساڑھے تین لاکھ روپے بنتا ہے۔

پریس کانفرنس میں صحافیوں کی جانب سے وزیراعظم پر کڑی تنقید کی گئی اور کہا گیا کہ آپ یہاں کھڑے ہو کر عوام کو کس منہ سے پابندی پر عمل کرنے کا کہتی رہیں، خاتون وزیراعظم نے پریس کانفرنس کے دوران قوم سے معافی بھی مانگ لی۔ خیال رہے کہ ناروے میں عالمی وبا کورونا وائرس کے اب تک ایک لاکھ دو ہزار سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ اب تک اس سے 684 افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.