اٹلی: حلیہ بدلنا بھی کام نہ آیا، جونی ایک بار پھر پکڑا گیا

0

میلان: حلیہ بدلنا بھی کام نہ آیا، اٹلی میں جیل سے ساتویں بار فرار ہونے والا خطرناک مافیا لیڈر 60 سالہ’’جونی دی گپسی ‘‘ ساتویں بار بھی پکڑا گیا ہے، پولیس نے اسے گرفتار کرکے واپس اس کے اصلی ’’گھر‘‘ جیل منتقل کردیا ہے، اسے سردانیہ کی سخت سیکورٹی والی جیل میں منتقل کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کا خطرناک مجرم جوزپے میسٹینی عرف ’’ جونی دی گپسی‘‘ جیل سے فرار ہونے کے بعد ساتویں بار بھی پکڑا گیا ہے، اس نے اپنا حلیہ بھی تبدیل کرنے کیلئے بڑی محنت کی تھی، لیکن پولیس نے اسے جا لیا، جونی کو گرفتاری کے بعد سردانیہ کی سخت سیکورٹی والی جیل میں منتقل کردیا گیا ہے، جہاں سے وہ دھوکہ دہی سے فرار ہوا تھا۔

پولیس نے  بتایا کہ جونی شمال مغربی جزیرےمیں ساسسری کے قیب بھیڑوں  کے ایک باڑے میں چھپا ہوا تھا، اس کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے وہاں درجنوں گھروں کی تلاشی لی، اور اسے بالآخر پکڑلیا، جونی نے اپنی شناخت چھپانے اور پولیس سے بچنے کیلئےاپنے بالوں کو بلونڈ کیا ہوا تھا، پولیس نے جونی کو پناہ دینے والے بلیک اسمتھ کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

جونی پر الزامات

جونی کا آبائی تعلق بیرگامو سے تھا، تاہم 1970 کے عشرے میں اس کی فیملی روم منتقل ہوگئی تھی، جہاں جونی نے پہلا قتل 11 برس کی عمر میں کیا تھا۔ جونی پر 1975 میں معروف فلم ساز پئیر پاولو پیسولینی کے قتل کا بھی شبہ ظاہرکیا گیا تھا، تاہم یہ کیس منطقی انجام تک نہیں پہنچ سکا تھا، جونی پہلی بار 1987 میں جیل سے فرار ہوا، جس کے بعد اس نے ایک پولیس افسر کو قتل کیا جبکہ ایک لڑکی کو اغوا کرنے سمیت درجنوں ڈکیتیاں کیں، پہلی بار پولیس کو اسے تلاش کرنے میں 2 برس لگ گئے تھے، تاہم اس کے بعد بھی جونی کے فرار اور گرفتاری کا معاملہ چلتا رہا، اور وہ رواں برس ساتویں بار فرار ہوا تھا، لیکن پھر پکڑا گیا، بیشتر مواقع پر جونی جیل حکام کو دھوکہ دے کر فرار ہوتا رہا۔

فرار کی انوکھی وجہ

پولیس کےمطابق جونی نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ پیار کیلئے جیل سے فرار ہوتا ہے، تاہم حکام نے اس کی وضاحت نہیں کی کہ پیار سے کیا مراد ہے، اور جونی کس سے پیار کرتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.