کھاریاں موٹروے کا ٹینڈر جاری کردیا گیا، تیزی سے بنانے کا حکومتی منصوبہ

0

اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں کے لئے خوشخبری، حکومت نے صوبہ پنجاب کے تین بڑے ائرپورٹس کو موٹروے کے ذریعہ اوورسیز پاکستانوں کے گڑھ سمجھے جانے والے علاقوں سے ملانے کے لئے پہلے مرحلے کا ٹینڈر جاری کردیا ہے، منصوبہ بی او ٹی کی بنیاد پر بنایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کی اکثریت گجرات، جہلم، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ اور میر پور آزاد کشمیر سے تعلق رکھتی ہے، یہ علاقے بہت گنجان آباد بھی ہیں، اور یہاں موٹروے کی ضرورت کہیں زیادہ تھی، لیکن ماضی میں اس اہم علاقے کو موٹروے منصوبے میں نظر انداز کیا گیا، جس کے باعث گوجرانوالہ سے گوجر خان تک کی پٹی کو سفر کے لئے جی ٹی روڈ پر ہی انحصار کرنا پڑتا تھا،جس سے اس روڈ پر ٹریفک کا بہت دباؤ تھا، لیکن وزیراعظم عمران خان کی  ہدایت پر اب اس اہم علاقے کو بھی موٹروے منصوبہ دیا جارہا ہے، اور پہلے مرحلے میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے اتوار کو سیالکوٹ موٹروے سے کھاریاں تک موٹروے بنانے کے لئے ٹینڈر جاری کردئیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، اہم منصوبہ تیاری کے مرحلے پر آگیا

اس موٹر وے سے پنجاب کے شہر وزیرآباد، گجرات، لالہ موسیٰ، کھاریاں، جہلم، دینہ، سوہاوہ، چکوال، گوجر خان کے لاکھوں خاندان ایک ایسے شاہراتی رابطے سے جڑ جائیں گے جو ان علاقوں کی معیشت تبدیل کردے گا۔ ٹینڈر دستاویز میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے لاہور سیالکوٹ موٹروے کو سمبڑیال کے مقام سے کھاریاں تک موٹروے بنانے کا فیصلہ کیا ہے، 69 کلومیٹر طویل یہ موٹروے چار رویہ ہوگا۔

ٹینڈر میں کمپنیوں کے لئے واضح کردیا گیا ہے کہ حکومت یہ منصوبہ تیزی سے مکمل کرنا چاہتی ہے، منصوبہ بی او ٹی یعنی بلڈ، آپریٹ اور ٹرانسفر کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا، منصوبہ کے لئے اراضی حکومت فراہم کرے گی، جبکہ منصوبہ تعمیر کرنے والی کمپنی کو ٹول اور کمرشل سرگرمیوں کا لائسنس دیا جائے گا، 31 مارچ سے منصوبے کی دستاویز 10 ہزار فیس دے کر نیشنل ہائی وے ویب سائٹ  کے دفتر یا پھر www.nha.gov.pk  سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکیں گی، پری بڈ کانفرنس 12 اپریل کو اسلام آباد میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے آڈیٹوریم میں ہوگی، جبکہ ٹینڈر بھرنے کی آخری تاریخ 30 اپریل مقرر کی گئی ہے، اسی روز ٹینڈر کھول کر کامیاب بولی دہندہ کو جاری کردیا جائے گا۔

اس موٹروے منصوبہ کیلئے کوشش اور آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرنے والے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری جنہوں نے  ٹینڈر کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سیالکوٹ- اسلام آباد موٹروے منصوبہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی وزیر مواصلات مراد سعید کی طرف سے تکمیل ہے، اس موٹر وے سے وزیرآباد، گجرات، لالہ موسیٰ، کھاریاں، جہلم، دینہ، سوہاوہ، چکوال، گوجر خان کے لاکھوں خاندان ایک ایسے شاہراتی رابطے سے جڑ جائیں گے جو ان علاقوں کی معیشت تبدیل کردے گا۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.