عمان میں رات کا کرفیو نافذ، مکمل لاک ڈاؤن پر بھی غور

0

مسقط: عمان میں بڑھتے ہوئے کرونا کیسز کے بعد حکومت نے لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا اعلان کردیا ہے، مملکت میں رات کا کرفیو نافذ کردیا گیا ہے، اتوار 28 مارچ سے 8 اپریل تک رات 8 بجے سے صبح 5 بجے تک تمام  نقل  وحرکت پر پابندی لگادی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عُمانی حکومت کی سپریم کمیٹی نے اتوار 28 مارچ سے 8 اپریل تک رات 8 بجے سے صبح 5 بجے تک تمام  نقل  وحرکت پر پابندی لگادی ہے، اس دوران عملی طور پر رات کا کرفیو نافذ ہوگا، لوگوں اور گاڑیوں کی نقل وحرکت پر پابندی ہو گی۔ اخبار عمان ٹائمز کے مطابق کمیٹی کو ماہرین نے بتایا ہے کہ یکم اپریل سے 31 مئی تک کا عرصہ ملک میں وبا کے حوالے سے انتہائی مشکل ثابت ہوسکتا ہے۔ مملکت میں وبا کے حوالے سے صورتحال خراب ہوتی جارہی ہے، ماہر کی اس رپورٹ کے بعد سپریم کمیٹی یکم اپریل سے 31 مئی تک مکمل لاک ڈاؤن پر غور کررہی ہے۔

واضح رہے کہ عُمان میں 7 فروری کے بعد سے کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے، اور جمعرات کو بھی 52 لاکھ آبادی والی اس ریاست میں 733 نئے کیس سامنے آئے، مملکت میں اب تک وبا سے 1600 سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں، عُمان میں سرکاری اسکولوں کو بھی 8 اپریل تک آن لائن تدریسی عمل جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.