افغان حکام کی اپیل کام نہ آئی، جرمنی سے ڈیپورٹ افغانوں کی تعداد نے اہم نفسیاتی حد عبور کرلی

0

برلن: افغان حکام کی جانب سے افغان تارکین کو بے دخل نہ کرنے کی اپیل کا زیادہ اثر نہیں ہوا، اور جرمنی نے ایک اور کھیپ طیارے میں بھر کر کابل بھیج دی، جس کے بعد ڈیپورٹ کئے گئے افغان مہاجرین کی تعداد نے اہم نفسیاتی حد عبور کرلی ہے۔

تفصیلات کےمطابق جرمنی نے سیاسی پناہ حاصل کرنے میں ناکام افغان تارکین وطن کو ڈیپورٹ کرنے کا عمل تیز کردیا ہے، اور گزشتہ ڈھائی ماہ کے دوران ڈیپورٹیز کی تیسری فلائٹ کابل بھیجی گئی ہے، مزید 26 افغانوں کو خصوصی پرواز کے ذریعہ بدھ کے روز کابل پہنچایا گیا، جہاں انہیں افغان حکام کے حوالے کردیا گیا، اس کے ساتھ ہی جرمنی سے ڈیپورٹ کئے گئے افغان تارکین کی تعداد ایک ہزار سے بڑھ گئی ہے، جرمنی نے اب تک ایک ہزار اور پندرہ افغان تارکین کو بے دخل کیا ہے، اس سے پہلے دسمبر میں افغان وزیر برائے انسانی حقوق سیما ثمر نے اپیل کی تھی کہ افغان تارکین کو بے دخل نہ کیا جائے، کیوں کہ ابھی ان کے ملک میں حالات اچھے نہیں ہیں، اور تشدد جاری ہے، تاہم ان کی اس اپیل  کا کوئی اثر نہیں ہوا۔

 اس دوران ساڑھے 5 ہزار افغان تارکین وطن جرمنی میں ایسے ہیں، جن کی پناہ کی درخواستیں اور پھر اپیلیں بھی مسترد ہوچکی ہیں، اور وہ بھی بے دخل ہونے والوں کی لائن میں لگے ہوئے ہیں، اس کے علاوہ مزید 6 ہزار 435 افغان تارکین کی درخواستیں بھی مسترد ہوچکی ہیں، تاہم اپیل میں انہیں صرف ڈیپورٹ کرنے کے خلاف حکم امتناع دیا گیا ہے، یعنی ان کے سروں پر بھی بے دخلی کی تلوار لٹک رہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.