اسپین میں بے روزگاروں کی تعداد کتنی ہوگئی؟، بڑے اعداد وشمار آگئے

0

میڈرڈ: کرونا وبا کی وجہ سے اسپین کی معیشت کو بڑا نقصان پہنچا ہے، اور ملک میں بے روزگاروں کی تعداد پانچ سالوں میں سب سے زیادہ ہوگئی ہے، جبکہ ہر ماہ بے روزگار ہونے والوں کی تعداد بڑھتی ہی جارہی ہے، جس پر حکومت بھی پریشان ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرونا کی وجہ سے دیگر ملکوں کی طرح اسپین کی معیشت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے، جس کا بڑا انحصار سیاحت پر ہوتا تھا، تاہم کرونا کی وجہ سے لگی پابندیوں نے سیاحت سمیت ہسپانوی معیشت کےتمام شعبے بری طرح متاثر کئے ہیں، ایسے میں فروری کے مہینے میں اسپین میں بے روزگاروں کی تعداد 4 ملین یعنی 40 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے، اسپین کی وزارت لیبر کے اعداد وشمار کے مطابق جنوری کے مقابلے میں فروری میں مزید 45 ہزار افراد بے روزگار ہوگئے ہیں، اور یہ مسلسل پانچواں مہینہ ہے کہ بے روزگاروں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ اس کی وجہ کرونا کی وجہ سے لگائی گئی پابندیاں ہیں، جن کے تحت ریستوران، بارز سمیت مختلف شعبے بند کئے گئے ہیں۔

اس سے پہلے آخری بار 2016 میں اسپین میں بے روزگاروں کی تعداد 4 ملین سے اوپر گئی تھی، اسپین کی معیشت 2020 میں   پھیلنے کے بجائے 11 فیصد سکڑ گئی تھی، اگر چہ حکومت نے کرونا بحران کے دوران40 ارب یورو کا امدادی پیکج بھی دیا تھا، جس کے تحت لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے کاروباری اداروں اور افراد کی مدد کی گئی تھی، لیکن اس کے باوجود صورتحال میں بہتری نہیں آئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.