اٹلی نے کاغذات کی مدت میں توسیع کردی

0

روم: اٹلی کی حکومت نے شناختی دستاویزات سمیت مختلف کاغذات کی مدت میں ایک بار پھر توسیع کردی ہے، اب لوگوں کو نئی توسیعی مدت تک اپنے کاغذات کی تجدید کرانے کے لئے دفاتر نہیں جانا پڑے گا، کرونا بحران شروع ہونے کے بعد سے مختلف دستاویزات کی مدت میں توسیع کا سلسلہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرونا بحران اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے اطالوی حکومت گزشتہ برس سے شناختی دستاویزات سمیت مختلف کاغذات کی مدت میں اضافہ کرتی آئی ہے، اگر چہ اب اٹلی میں کرونا کسیز میں کافی کمی ہوگئی ہے، اور یومیہ نئے کیسز کی تعداد کم ہو کر 12 ہزار تک آگئی ہے اور اموات بھی 300 تک ہوگئی ہے، کیسز میں کمی کے باعث بیشتر ریجن بھی یلو زون میں آگئے ہیں، اور متعدد پابندیاں بھی ختم ہوگئی ہیں۔ اٹلی میں بیشتر سرکاری دفاتر بھی کھل گئے ہیں، تاہم ان میں حاضری کم رکھنے اور پرانے کیسز کی وجہ سے بہت وقت لگ رہا ہے، ایسے میں اطالوی حکومت نے ایک بار پھر مختلف دستاویزات کی مدت میں اضافہ کردیا ہے، ان میں شناختی  کارڈ، پاسپورٹ اور ڈرائیونگ لائسنس شامل ہیں، حکومت نے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی مدت میں 30 اپریل تک توسیع کردی ہے۔

اس طرح جن کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ 31 جنوری سے ختم ہورہے تھے، وہ اب اپریل کے آخری دن تک کارآمد ہوں گے، تاہم شناختی کارڈ اور پاسپورٹ صرف اٹلی کے اندر استعمال کئے جاسکیں گے، بیرون ملک سفر کرنے والوں کے لئے یہ توسیعی مدت لاگو نہیں ہوگی، اور انہیں نئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنوانے ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:اٹلی میں غیر ملکیوں میں بڑا اضافہ، کاغذات جمع کرانے والے بھی لائن میں

حکومت نے یکم فروری سے اس سال 31 اگست تک ختم ہونے والے ڈرائیونگ لائسنسوں کی میعاد میں بھی7 ماہ کا اضافہ کردیا ہے، اور یہ لائسنس اضافی مدت کے دوران یورپی یونین کے دیگر ممالک میں بھی قابل قبول ہوں گے۔جس کی پہلے ہی یورپی یونین منظوری دے چکی ہے، اسی طرح گزشتہ برس کے مدت ختم ہونے والے لائسنس اٹلی میں 29 جولائی تک کارآمد ہوں گے، کار ٹیکس کی مدت میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے، تاہم یہ ریجنز کے حساب سے ہوگا، لمباردیا اور پیڈمونٹ میں اپریل تک ختم ہونے والے ٹیکس کو 31 مئی تک توسیع دی گئی ہے، جبکہ امیلیا رومانیا میں 31 مارچ تک اور وینیتو میں 30 جون تک کی اضافی مدت دی گئی ہے، گاڑیوں کے انسپیکشن یعنی (revisione auto) کی جو اضافی مدت 28 فروری کو ختم ہورہی ہے، ان میں بھی اضافہ کا اعلان جلد متوقع ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.