ڈیپورٹ پاکستانی ائیر پورٹ پر سلوک سے حیران رہ گئے

0

اسلام آباد: یورپ جانے کی خواہش میں ترکی پہنچنے والے پاکستانیوں کو پکڑے جانے کے بعد ڈیپورٹ کردیا گیا ہے، تاہم اس بار ڈیپورٹیز کو اسلام آباد ائر پورٹ پر ایک خوشگوار تبدیلی کا احساس ہوا، اس تبدیلی کا سہرا وزیراعظم عمران خان کی سخت ہدایات اور وزیرداخلہ شیخ رشید کے چند روز قبل لئے گئے ایکشن کو جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  ترکی کے راستے یورپ جانے کے خواہشمند 40 پاکستانی ترکی میں پکڑے گئے، جنہیں گزشتہ روز ترک حکام نے ڈیپورٹ کردیا، یہ ڈیپورٹی جن میں اکثریت کا تعلق گجرات اور منڈی بہاؤالدین سے تھا اسلام آباد ائرپورٹ پر پہنچے، تاہم ماضی کے برعکس اس بار ایئرپورٹ پر ڈی پورٹ ہونے والوں کو مختلف اور حیران کرنے والے سلوک کا سامنا کرنا پڑا، ایف آئی اے حکام جو ماضی میں ڈیپورٹ ہوکر آنے والوں کو آنکھیں دکھاتے تھے، اس بار ان سے انتہائی نرمی سے پیش آئے، اور انہیں کھانا، کپڑے اور جوتے بھی فراہم کیے۔ اس تبدیلی کا سہرا وزیراعظم عمران خان کی سخت ہدایات اور وزیرداخلہ شیخ رشید کے چند روز قبل لئے گئے ایکشن کو جاتا ہے، جس میں انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو پریشان کرنے کے واقعات پر ڈائریکٹر امیگریشن سمیت کئی افسران کو عہد ہ سے ہٹادیا تھا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ڈی پورٹیز کو کھانا، کپڑے، جوتے فراہم کرنے کے لئے دوبڑی این جی اوز سے معاہدے کئے گئے تھے، بعد ازاں بیشتر ڈیپورٹیز کو بیان لینے کے بعد گھروں میں جانے کی اجازت دے دی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.