فضل الرحمن کن ملکوں سے فنڈز لیتے رہے، اہم انکشافات سامنے آگئے

0

اسلام آباد: دوسروں پر الزاما ت لگانے والے جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کس کس ملک سے فنڈز لیتے رہے، گھر کے بھیدی نے سب کچھ بتادیا، فضل الرحمن نے لیبیا کے سابق رہنما کرنل قذافی اور سابق عراقی صدر صدام حسین سے بھی خوب استفادہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمن کے کئی دہائیوں سے قریبی ساتھی رہنے والے پارٹی کے ناراض رہنما حافظ حسین  احمد نے غیرملکی فنڈنگ کے حوالے سے اہم انکشافات  کئے ہیں، ٹی وی پروگرام میں انہوں نے بتایا کہ فضل الرحمن نے لیبیا کے سابق رہنما کرنل قذافی اور سابق عراقی صدر صدام حسین سے بھی خوب استفادہ کیا، اسی طرح سعودی عرب سے بھی  فائدہ اٹھایا جاتا رہا، انہوں نے کہا کہ ن لیگ بھی مختلف ملکوں سے فنڈنگ لیتی رہی ہے، الیکشن کمیشن پی ڈی ایم کی جماعتوں کا فارن فنڈنگ کیس پہلے کھول لیتا، تو یہ احتجاج کرنے بھی نہ جاتیں، انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ ساری جماعتوں کے ساتھ انصاف کرے اور سب کی فارن فنڈنگ کی تحقیقات اور کارروائی کی جائے۔

حافظ حسین احمد نے بتایا کہ جے یوآئی کے ہم خیال رہنماوں کا اجلاس 25 جنوری کو بلایا گیا ہے، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا، دوسری طرف بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایک اور ناراض رہنما مولانا عبدالقادر لونی نے بھی مولانا فضل الرحمن اور پارٹی رہنماؤں پر کرپشن کے الزام لگائے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور کے پی میں موٹرسائیکلوں پر اسمبلی آنے والے پارٹی رہنما وزیر بننے کے بعد لندن اور دبئی  میں اثاثوں کے مالک بن گئے، ہم بار بار توجہ بھی دلاتے رہے، لیکن کسی نہ نوٹس نہ لیا، انہوں نے نیب سے مطالبہ کیا کہ جے یوآئی کے سارے سابق وزرا کے اثاثوں کی تحقیقات کرائی جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.