سعودی عرب کیلئے پروازیں کھل گئیں، پی آئی اے کی اہم ہدایت

0

ریاض: سعودی عرب کی طرف سے بین الاقوامی فضائی آپریشن بحال کرنے کے بعد پی آئی اے نے پھنسے ہوئے پاکستانی تارکین کو جلد ازجلد واپس سعودی عرب پہنچانے کے لئے آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، خیال رہے کہ سعودی عرب نے برطانوی وائرس کی وجہ سے بند کئے گئے بین الاقوامی فضائی آپریشن کو بحال کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے 20 دسمبر کو برطانیہ میں کرونا وائرس کی نئی قسم آنے پر سرحدیں بند کردی تھیں، جو اتوار کو کھول دی گئیں، اس دوران بھی قومی ائر لائن نے اپنا نقصان کرتے ہوئے بھی سعودی عرب سے ون وے پروازیں جاری رکھیں، اور جن پاکستانیوں نے سعودی عرب سے واپس آنے کے لئے بکنگ کرارکھی تھی، انہیں واپس لانے کا سلسلہ جاری رکھا۔

اب سعودی حکومت کی طرف سے سرحدیں کھولنے کے بعد پی آئی اے نے سعودیہ سے چھٹی پر آئے ہوئے پاکستانی ورکرز کو واپس پہنچانے کے لئے اضافی پروازیں بھی چلانے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ ان کے ویزے ضائع ہونے سے بچائے جاسکیں، اس حوالے سے پی آئی اے نے سعودی جانے کے خواہشمندوں کو ہیلپ لائن 111786786 پر رابطہ کرنے یا پھر قریبی آفس سے رجوع کا مشورہ دیا ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق پابندی اٹھائے جانے کے بعد برطانیہ اور جنوبی افریقہ جیسے ممالک جہاں پر کرونا کا نیا وائرس سامنے آیا تھا، وہاں کے مسافروں کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ وہ نئے وائرس سے متاثرہ ممالک سے کم سے کم 14 دن باہر رہے ہیں۔ اس مدت کی میعاد ختم ہونے کے بعد مسافروں کو’’پی سی آر‘‘ کا ٹیسٹ کرانا ہوگا۔ اس طرح عملی طور پر ان دونوں ملکوں سے براہ راست سعودیہ آمد پر پابندی رہے گی، تاہم ایسے ممالک جہاں پر کرونا کی نئی شکل سامنے نہیں آئی ہے وہاں سے آنے والے مسافروں کو سعودیہ پہنچنے کے بعد 7 دن تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.