آرمی چیف کا ایل او سی پر اگلے مورچوں کا دورہ، ہر قیمت پر مادر وطن کا دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ

0

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا، جہاں آرمی چیف کو ایل او سی کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کو کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کا منہ توڑ جواب ملے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے ایل او سی کا دورہ کیا، وہاں پہنچنے پر کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہرعباس نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔آرمی چیف کو ایل او سی کی تازہ ترین صورتحال، بھارت کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ کو بھارتی فوج کے اقوام متحدہ کی گاڑی کو نشانہ بنانے کے معاملے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے فوجی جوانوں کی آپریشنل تیاریوں اور بلند جذبے کو سراہا، آرمی چیف نے اگلے مورچوں پر افسروں اور جوانوں کی مستعدی اور پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی۔

اس موقع پر آرمی چیف کا جوانوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ بھارتی فوج کو کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کا منہ توڑ جواب ملے گا، پاک فوج ہر قیمت پر مادر وطن کی عزت ، وقار اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرے گی۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارتی اشتعال انگیزیاں بالخصوص یو این کی گاڑی کو نشانہ بنانا علاقائی امن کےلیے خطرہ ہیں، انہوں نے کہا کہ پاک فوج ایل او سی پر رہنے والے بےگناہ شہریوں کے تحفظ کے اقدامات کرے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.