لاہور: حکومت کے خلاف اپوزیشن کی 11 جماعتوں نے مشترکہ اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے نام سے بنایا تھا لیکن اب اس میں 10 جماعتیں باقی رہ گئی ہیں۔ پیر کے روز ایک پارٹی کے اتحاد چھوڑنے کی حقیقت اس وقت واضح ہوگئی جب جاتی امرا میں ہونے والے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے پر صرف 10 جماعتوں کے دستخط تھے۔
پی ڈی ایم میں شامل گیارہویں جماعت پی ٹی ایم (پشتون تحفظ موومنٹ) تھی جو گزشتہ دنوں اس اتحاد سے الگ کردی گئی تھی، گزشتہ ماہ جب پی ڈی ایم کا انتظامی ڈھانچہ تشکیل دینے کیلئے سربراہی اجلاس طلب کیا گیا تھا تو اس میں پی ٹی ایم کی نمائندگی رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کررہے تھے۔
اس اجلاس کے دوران مولانا فضل الرحمان نے انہیں آئندہ پی ڈی ایم کے اجلاسوں میں شرکت سے روک دیا تھا جس کے کچھ روز بعد محسن داوڑ نے ایک ٹویٹ کرکے پی ڈی ایم سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا، یہی وجہ ہے کہ پی ڈی ایم اب 11 جماعتوں کا نہیں بلکہ 10 جماعتوں کا اتحاد رہ گیا ہے۔