اٹلی میں تارکین کو جعل سازی سے پرمٹ دلوانے والے پکڑے گئے

0

روم: اٹلی میں تارکین وطن کو جعلسازی سے رہائشی پرمٹ دلوانے کے دو بڑے اسکینڈل سامنے آئے ہیں، اور پولیس نے اس معاملے میں ملوث 32 افراد کو پکڑ لیا ہے، پکڑے گئے افراد بغیر کاغذات والے تارکین وطن سے بھاری رقم لے کر انہیں اٹلی کے رہائشی پرمٹ بنوا کردیتے تھے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں تارکین وطن کو جعلسازی سے رہائشی پرمٹ دلوانے والے 2 گروپوں کے خلاف پولیس نے کارروائی کی ہے، یہ کارروائی جنوبی شہروں (پوٹینزا) Potenza اور (ماسینا) Messina میں کی گئی ہے، جہاں بیٹھ کر یہ  گروپ تارکین وطن کو جعلسازی سے رہائشی پرمٹ دلوانے میں ملوث تھے، Potenza میں پولیس نے ان 16 ملزمان کو گھروں پر نظر بند کردیا ہے، جو تارکین وطن کو 9 ماہ کے رہائشی پرمٹ بنوا کردیتے تھے، پراسیکیوٹر نے تحقیقات کا دائرہ میلان، فلورنس، فوجا اور لا اسپیزیا تک بڑھادیا ہے، اور ان علاقوں کے 56 افراد بھی شامل تفتیش کرلئے گئے ہیں۔

پرمٹ بنوانے کیلئے طریقہ

اس گروپ کے ارکان 5 ہزار یورو لے کر جعلی کاغذات کی مدد سے تارکین کو ورک پرمٹ بنوا کر دیتے تھے، اور فیملی ہونے کی صورت میں پوری فیملی کا پیکج بھی دیتے تھے، جس میں 1500 یورو تک کی رعائت دے دی جاتی تھی، اسی طرح ماسینا  میں پولیس نے 16 رکنی گروہ کو پکڑا ہے، جن میں سے 5 کوجیل منتقل کردیا گیا جبکہ 11 کو گھروں میں نظر بند کیا گیا ہے، ماسینا کا یہ گروپ غیرقانونی تارکین وطن کے لئے اطالوی خواتین سے فرضی شادیوں کا انتظام کرتا تھا، اور اس کے لئے تارکین سے بھاری رقم اینٹھی جاتی تھی، جن میں سے کچھ حصہ ان خواتین کو بھی دیا جاتا تھا۔ اطالوی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق ایک شادی کے بدلے 10 ہزار یورو تک وصول کئے جاتے تھے، اس طرح تارکین وطن کو ان فرضی شادیوں کے ذریعہ قانونی دستاویزات دلوائی جاتی تھیں، اس گروپ نے ایسے افراد کو بھی ان شادیوں کے ذریعہ اٹلی کے ویزے جاری کرائے، جنہیں ملک سے ڈیپورٹ کیا جاچکا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.