برطانوی کوششیں ناکام، سخت سردی میں بھی تارکین کی نئی کھیپ سمندر پار کرگئی

0

لندن: برطانوی وزیرداخلہ پریتی پٹیل کی فرانس سے انگلش چینل کے ذریعے برطانیہ آنے والے تارکین وطن کو روکنے کی تمام تر کوشیں ناکام ہوتی نظر آرہی ہیں، سخت سردی کے باوجود گزشتہ روز کشتیوں میں 111 تارکین فرانس سے برطانیہ پہنچ گئے، ان میں 5 بچے بھی شامل ہیں، جو سردی سے ٹھٹھر رہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سخت سردی اور برفباری کے باوجود اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر تارکین کئی کشتیوں میں فرانس سے برطانوی ساحلی علاقے کینٹ (kent) پہنچنے میں کامیاب ہوگئے، اتنے سخت سرد موسم اور برفباری میں اس سے پہلے کم ہی اتنی بڑی تعداد میں تارکین انگلش چینل پار کر کے برطانیہ پہنچے ہیں، عام طور پر تارکین گرمیوں میں جب موسم صاف ہوتا ہے، اس وقت یہ سفر کرنے کی کوشش کرتے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ    برطانیہ اترنے والے تارکین میں کچھ ایسے بھی تھے، جو سخت سردی کی وجہ سے چل بھی بمشکل پارہے تھے، انہوں نے خود کو کمبلوں اور لائف جیکٹس سے لپیٹا ہوا تھا، تارکین وطن کی یہ بڑی تعداد ایسے موقع پر برطانیہ پہنچی ہے، جب  چند روز قبل ہی برطانیہ نے فرانس کو 28 ملین پونڈ ادا کرنے کا معاہدہ کیا ہے، جس کا مقصد تارکین کو فرانسیسی سرزمین پر روکنے کیلئے اقدامات بڑھانا ہے۔

بی بی سی کے مطابق برطانوی بارڈر اتھارٹی نے ان تارکین کو 5 چھوٹی کشتیوں سے ریسکیو کیا ہے، اور انہیں کمبل دئیے گئے، دوسری طرف فرانسیسی حکام  نے مزید 35 تارکین کی برطانیہ جانے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.