استعفوں پر الیکشن کمیشن کا بڑا بیان آگیا، متعدد لیگی ارکان بھی بغاوت کیلئے تیار

0

اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی دھمکیوں پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اعلان سامنے آگیا، الیکشن کمیشن کے اعلان کے بعد اپوزیشن کے متعدد ارکان پس وپیش کا شکار ہوسکتے ہیں، جو پہلے ہی اپنے حلقے چھوڑنے کے لئے تیار نظر نہیں آتے۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں بالخصوص ن لیگ کی ڈی فیکٹو قائد مریم نواز کی جانب سے اسمبلیوں سے استعفوں   کے اعلانا ت کے بعد الیکشن کمیشن کا اہم بیان سامنے آیا ہے، الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر کسی رکن اسمبلی نے استعفیٰ دیا اور متعلقہ اسپیکر نے وہ استعفیٰ منظور کرکے بھیج دیا، تو الیکشن کمیشن آئین کے مطابق 60 روز میں اس حلقے یاحلقوں میں الیکشن کرادے گا، ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن مقررہ مدت میں اسمبلی کی خالی نشست پر ضمنی الیکشن کرانے کا پابند ہے۔

دوسری طرف ن لیگ کے سرگودھا سے رکن قومی اسمبلی چوہدری حامد حمید نے پیر کو اپنا استعفیٰ اسپیکر کو بھیجنے کا اعلان کیا تھا، تاہم قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو ان کا استعفیٰ موصول نہیں ہوا تھا، سیکریٹریٹ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ استعفیٰ موصول ہونے پر اس پر کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔ اس دوران ن لیگ کے ارکان اسمبلی کی بڑی تعداد استعفوں کے حق میں نہیں ہے، اور مریم نواز کے دباؤ کے باوجود وہ استعفے دینے کے لئے تیار نظر نہیں آتے، اگرچہ مریم نواز نے ارکان کو دباؤ میں لینے کے لئے یہ اعلان کیا ہے کہ جو رکن استعفیٰ نہیں دے گا، اس کا گھیراؤ کیا جائے گا۔

تاہم ارکان اسمبلی کا کہنا ہے کہ وہ جانتے ہیں یہ دباؤ کا حربہ ہے، اور یہ کہ ن لیگ کسی کے گھیراؤ کی پوزیشن میں نہیں ہے، پارٹی کے ایک درجن کے قریب  ارکان پنجاب اسمبلی پہلے ہی بغاوت کرکے سامنے آچکے ہیں، اور جلیل الدین شرقپوری اور گوجرانوالہ کے انصارری برادران سمیت یہ ارکان کھل کر نوازشریف پر بھی تنقید کررہے ہیں، لیگی ارکان کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ قیادت استعفوں کی غلطی نہیں کرے گی، کیوں کہ اس صورت میں حکومت کو واک اوور مل جائے گا، اور اگر وہ  ضمنی الیکشن کرانے میں کامیاب ہوگئی، تو پارٹی کے ہاتھ سے میدان مکمل طور پر نکل جائے گا، تاہم اگر پارٹی قیادت نے استعفوں کا فیصلہ  کربھی لیا تو بڑی تعداد میں لیگی ارکان اس فیصلے سے بغاوت کرسکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.