روم:(رپورٹ: تنویر ارشاد) ملک میں بڑھتے کرونا کیسز پر اطالوی حکومت نےنئی پابندیاں نافذ کردی ہیں، وزیراعظم جوزپے کونتے نے نئے ڈگری پر دستخط کر دیئے، نئی ڈگری کے مطابق پورے اٹلی کو تین زونز ریڈ (زیادہ کیسز )، اورنج(درمیانے کیسز)، گرین یا یلو(محفوظ)زون میں تقسیم کیا گیا ہے، ان نئی پابندیوں کا اطلاق 5 نومبر سے 3 دسمبر تک ہوگا۔
اطالوی میڈیا کے مطابق اٹلی میں رات بھر کا کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، یہ فیصلہ ملک میں کورونا کے یومیہ 30 سے 35 ہزار نئے کیسز سامنے آنے پر کیا گیا ہے،تاکہ وباکے پھیلاؤ کو روکا جاسکے، طالوی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 30 ہزار 550 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 352 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔
ریڈ زون
ریڈ زون میں لمبارڈیا، پیڈمونٹ، کالابریا اور ویلے ڈی اوسٹا شامل ہیں، ریڈ زون میں شامل ریجنز میں باہر سے داخلہ اور انٹری ممنوع ہوگی، جبکہ بارز، بیکریز، ریستوران سمیت وہ تمام دکانیں بند رہیں گی جو ضروری سامان فروخت نہیں کرتیں، ریستورانز سے ہوم ڈلیوری کی اجازت صرف رات 10 بجے تک ہوگی، آٹوسترادوں کے سروسز ایریا میں کھانے پینے کے اسٹورز، اسپتال اور ائیرپورٹز کھلے رہیں گے، اسی طرح فیکٹریاں ، ادویات کی دکانیں اور سپر مارکیٹیں بھی کھلی رہیں گی۔
اورنج زون
اورنج زون میں پگلیا اور سسلی ریجن شامل ہیں، جاری قواعد کے مطابق ان علاقوں میں بارز، ریستوراں، آئس کریم پارلرز اور بیکریز بند رہیں گی، جبکہ ہیئر ڈریسرز اور بیوٹی پارلرز کھلے رہیں گے، شہری اپنے ریزیڈینسے والے کمونے سے باہر نہیں جا سکیں گے، اس کے علاوہ گرین زون والے تمام قواعد بھی لاگو ہوں گئے۔
یلو زون
ریڈ اور اورنج زون میں شامل ریجنز کے علاوہ ملک کے تمام ریجینز اس زون میں شامل ہیں، ان ریجنز کیلئے جاری قواعد کے مطابق رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا، پبلک ٹرانسپورٹ میں گنجائش سے صرف 50 فیصد افراد کو سفر کی اجازت ہوگی، مارکیٹیں ویک اینڈ پرجبکہ عجائب گھر، نمائشیں، بنگو ہال پورا ہفتہ بند رہیں گے، بحری سفر کے لیے کروز وغیرہ بند رہیں گی، عوامی مقابلوں پر پابندی ہوگی، حتی کہ اسکول میں بھی مقابلوں پر پابندی ہوگی، البتہ پارک کھلے رہیں گے۔
وہ پابندیاں جو پورے ملک کیلئے ہوں گی
ڈگری کے مطابق کچھ پابندیاں پورے ملک کیلئے نافذ کی گئی ہیں، ان میں رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک مکمل کرفیو، میوزیم اور نمائش گھر وں کی بندش، ویک اینڈ پر شاپنگ سینٹر بند رکھنا، پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد سے زائد مسافروں کو سفر کی اجازت نہ دینا شامل ہے، اسی طرح تمام ہائی اسکول آن لائن کلاسز پر منتقل کردئیے گئے ہیں، البتہ چھوٹی کلاسوں کے طلبا بدستور اسکول جاسکیں گے۔