کیا برطانیہ نے کرونا ویکسین تیار کرلی ہے؟

0

لندن: کیا برطانیہ کرونا کی ویکسین تیار کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے؟، اگرچہ برطانوی حکومت نے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، لیکن “دی سن” اخبار نے دعوی کیا ہے کہ برطانیہ میں کرونا کی ویکسین تیار کرلی گئی ہے، اور شہریوں کو لگانے کےلئے اس کے انتطامات شروع کردئیےگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک کرونا کی ویکسین تیار کرنے کیلئے تجربات میں مصروف ہیں، تاہم برطانوی اخبار’’ دی سن‘‘ نے دعوی کیا ہے کہ لندن کے ایک اسپتال کو آکسفورڈ یونیورسٹی اور ایسٹرا زینیکا نامی کمپنی کی مشترکہ طور پر  تیار کردہ کرونا ویکسین کی پہلی کھیپ لگانے کی تیاری کیلئے کہہ دیا گیا ہے۔

پير کو شائع رپورٹ میں اخبار نے لندن کے اس اسپتال کا نام نہیں بتایا، تاہم  رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نومبر کے پہلے ہفتے سے اسپتال کو ویکسین کی فراہمی شروع کی جا سکتی ہے، تاہم برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکوک نے اس کی تصدیق سے گریز کیا ہے، انہوں نے گول مول جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ویکسین فی الحال تیار نہیں مگر اس کی صارفین تک فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے انتظامی کام شروع کردیا گیا ہے۔

بی بی سی سے گفتگو میں وزیر صحت نے آئندہ برس کے شروع میں ویکسین لوگوں کو دینے کا امکان ظاہر کیا، لیکن جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا ویکسین رواں برس ہی آسکتی ہے، تو ہینکوک نے اسے خارج از امکان قرا ر نہ دیا، جسے بالواسطہ طور پر ’’سن ‘‘ کی رپورٹ کی تصدیق کا اشارہ سمجھا جارہا ہے۔

دوسری طرف فنانشل ٹائمر کے مطابق برطانوی ویکسین نوجوانوں کے ساتھ بزرگ افراد سب میں وائرس کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتی ہے، جس سے اس ویکسین کی کامیابی کا بڑا اشارہ ملتا ہے، کیوں کہ معمر افراد میں قوت مدافعت کم ہوجاتی ہے، اور سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ کرونا کی وہی ویکسین  کامیاب قرار دی جاسکتی ہے، جو بزرگ افراد میں بھی اس وائرس کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرسکے، کیوں کہ اب تک کرونا کا سب سے زیادہ نشانہ   بڑی عمر کے لوگ ہی بنے ہیں، اخبار نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ مذکورہ ویکسین نے تجربات کے دوران معمر افراد میں بھی کامیابی سے حفاظتی اینٹی باڈیز اور ٹی سیلز کو متحرک کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.