سمندری راستے کے بعد زمینی راستے سے بھی مہاجرین اٹلی میں داخل
روم: اٹلی میں سمندر کے ساتھ ساتھ زمینی راستے سے بھی تارکین کی آمد جاری ہے، اور سلوینیا کی سرحد کے ذریعہ 126 سے زائد تارکین اٹلی داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، حکام نے بلقان روٹ سے تارکین کی آمد کی تصدیق کی ہے۔
اٹلی میں حکام نے بتایا کہ سلوینیا کی سرحد پار کر کے 126 سے زائد تارکین داخل ہوئے ہیں، ان میں سے 50 تارکین udine جبکہ 76 دیگر Trieste سے ملے ہیں، جن میں خواتین و بچے بھی شامل ہیں، یہ تارکین وطن پریشان حالت میں تھے، اور مقامی لوگوں نے انہیں خوراک، پانی اور کپڑوں سمیت دیگر سامان فراہم کیا ہے، کیتھولک چیریٹی کاریٹس بھی ان کی مدد کررہی ہے، مقامی لوگوں کی طرف سے اطلاع ملنے پر پولیس بھی ان کے پاس پہنچی، اور اب ان تارکین کو ریسیپشن سینٹرز میں منتقل کیا جارہا ہے، جبکہ ان کے کرونا کے ٹیسٹ بھی لئے جائیں گے۔