یونان میں پھنسے درجنوں مہاجرین کی قسمت کھل گئی
برلن: یونان میں پھنسے 101 مہاجرین کی لاٹری کھل گئی، طیارے کے ذریعہ جرمنی پہنچادیا گیا ہے، جہاں وہ نئی زندگی شروع کریں گے، یونانی جزیرہ لیس بوس میں آتشزدگی کے بعد جرمنی نے سینکڑوں تارکین وطن کو قبول کرنے کا اعلان کیا تھا، اور اس کے بعد سے مہاجرین کی منتقلی کا عمل جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کو یونان سے مزید 101 مہاجرین کو لے کر طیارہ جرمنی کے شہر ہینور Hanover پہنچا ہے، اس گروپ میں 61 کم عمر بچے (18 سال سے چھوٹے) اور 40 بڑے افراد شامل ہیں، مہاجرین کے اس گروپ کی سیاسی پناہ کی درخواستیں پہلے ہی یونان میں منظور ہوچکی تھیں، اور جرمنی نے اب انہیں اپنے ہاں پناہ دے دی ہے، مجموعی طور پر جرمنی نے 1553 مہاجرین کو یونان سے لینے پر اتفاق کیا ہے۔
جرمنی پہنچنے والے مہاجرین کا استقبال سیکسونی کے وزیرداخلہ بورس پسٹوریس نے کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یونانی جریزے لیس بوس میں صورتحال اب بھی اچھی نہیں ہے، اور سردیاں شروع ہونے کی وجہ سے وہاں زندگی مزید مشکل ہوجائے گی، انہوں نے بعض یورپی ملکوں کی جانب سے مہاجرین کو لینے سے انکار کو شرمناک عمل قرار دیا۔
جرمن حکام کا کہنا ہے کہ یونان سے آنے والے مہاجرین کو فرائیڈ لینڈ ٹرانزٹ مرکز منتقل کیا جائے گا، جہاں سے بعد میں انہیں 7 ریاستوں میں بھیج دیا جائے گا، تاہم 3 فلسطینی خاندان ہینور میں ہی قیام کریں گے۔