کیا آصف زرداری گرفتاری سے بچنے کیلئے اسپتال میں داخل ہوئے

0

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کےشریک چیئر مین آصف علی زرداری کے اچانک اسپتال میں داخل ہونےکی ممکنہ وجہ سامنے آگئی، نیب کی طرف سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر گرفتاری کا خدشہ لاحق تھا، تاہم پی پی کا کہنا ہے کہ پارٹی کے شریک چیئرمین کی صحت خراب ہے، اور اسی لئے انہیں  اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری جو گزشتہ کئی ہفتوں سے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے تھے، اور پی ڈی ایم کے حوالے سے بھی سرگرم تھے، اتوار کے روز اچانک پیپلزپارٹی کی طرف سے میڈیا کو بتایا گیا کہ زرداری کی صحت خراب ہے، اور انہیں سانس کی تکلیف محسوس ہورہی ہے، جس پر انہیں نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے،  تاہم اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں 8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن سے متعلق ضمنی ریفرنس میں آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے تھے، اور زرداری کو گرفتاری کا خدشہ تھا، اس لئے وہ  اسپتال داخل ہوگئے۔

واضح رہے کہ زرداری پہلے بھی اسلام آباد ہائیکورٹ سے طبی ضمانت پر ہیں، لیکن  اس کے باوجود انہوں نے سیاسی سرگرمیاں شروع کردی تھیں، لیکن نئے ریفرنس میں وارنٹ جاری ہونے پر وہ ایک بار پھر اسپتال داخل ہوگئے، اس حوالے سے پی پی پی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پارٹی کے شریک چئیرمین کی صحت خراب ہے، اور گرفتاری کے ڈر سے اسپتال داخل ہونے کا تاثر غلط ہے، تاہم  دوسری طرف سیاسی حرکیات پر نظر رکھنے کے ماہر وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ زرداری کھلاڑی ہے، اور اسے پتہ ہے کہ کب اسپتال داخل ہونا ہے، اور کب باہر آنا ہے۔

ضمانت کرالی

دوسری طرف اسلام آباد بائیکورٹ نے آصف علی زرداری کے خلاف 8 ارب روپے سے زائد مشکوک ٹرانزیکشن ریفرنس میں عبوری ضمانت میں 5 نومبر تک توسیع کردی ہے، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت شروع  کی تو زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ہم نے آصف علی زرداری کی حاضری سے معافی کی درخواست دائر کی ہے، ان کے موکل کیلئےکھڑا ہونا  بھی مشکل ہور ہاہے۔ تاہم  نیب پراسیکیوٹر سردار مظفرنے کہا کہ ملزم کی موجودگی ضروری ہے۔ آصف علی زرداری کے خلاف خاطر خواہ مواد اکٹھا کیا جا چکا ہے۔

بعدازاں عدالت نے زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 5 نومبر تک توسیع دے دی۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو وارنٹ گرفتاری کی کاپی آصف علی زرداری کے وکیل کو دینے کی بھی ہدایت کردی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.