ڈالر، یورو، پاؤنڈ سمیت دیگر کرنسیز کے حوالے سے حکومت کا بڑا فیصلہ

0

اسلام آباد:حکومت نے ڈالرائزیشن کا رجحان روکنے اور روپے کو مستحکم کرنے کیلئے فارن کرنسی اکاؤنٹس کے حوالے سے اہم حکم نامہ جاری کردیا، وزارت خزانہ نے کرنسی خرید کر جمع کرنے پر پابندی لگادی، تاہم اوورسیز پاکستانیوں کو اس پابندی سے باہر رکھا گیا ہے،لیکن اس کیلئے انہیں ائیر پورٹ پر اس کرنسی کو لازمی ڈیکلیئرکرنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ڈالرائزیشن کے رجحان کو روکنے کے لئے وزارت خزانہ نے فارن کرنسی اکاوئنٹس کے رولز میں تبدیلی کردی ہے،جس کے تحت اب فارن کرنسی اکاؤنٹس میں ملک کے اندر سے یورو، ڈالر، پاؤنڈ یا کوئی اور کرنسی خرید کر ان اکاؤنٹس میں جمع کرانے پر پابندی لگادی گئی ہے، فارن کرنسی اکاؤنٹس میں برآمدات اور خدمات  وغیرہ کی فراہمی سے حاصل زرمبادلہ بھی جمع نہیں کرایا جاسکے گا،اور اسے روپے میں حاصل کرنا ہوگا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ڈالرائزیشن اور منی لانڈرنگ روکنا ہے، لوگ اوپن مارکیٹ سے غیرملکی کرنسی خرید کر اپنے فارن کرنسی اکاوئنٹس میں جمع کراتے تھے، جس سے ایک طرف ڈالر کی مصنوعی طلب بڑھتی تھی تو دوسری جانب منی لانڈرنگ کا راستہ بھی کھلتا تھا، کیوں کہ بعد میں کچھ عناصر اوپن مارکیٹ سے خرید کر جمع کرائی گئی غیر ملکی کرنسی بیرون ملک ٹرانسفر کردیتے تھے۔

اوورسیز پاکستانی

فارن کرنسی اکاؤنٹس میں غیرملکی کرنسی جمع کرانے پر پابندی اوورسیز پاکستانیوں کے لئے نہیں ہوگی، اور وہ باہر سے اپنے یا اپنے عزیزوں کے فارن کرنسی اکاؤنٹس میں یورو، ڈالر، پاؤنڈ وغیرہ بھیج اور جمع کراسکیں گے، اسی طرح اگر وہ اپنے ساتھ بیرون ملک سے غیرملکی کرنسی کیش ساتھ لاتے ہیں تو وہ بھی فارن کرنسی اکاؤنٹس میں جمع کرائی جاسکے گی، لیکن اس کیلئے ضروری ہوگا کہ وہ ائیر پورٹ پر اس کرنسی کو ڈی کلیئر کریں۔

اسٹیٹ بینک کی وضاحت

وزارت خزانہ کے حکم نامہ پر اسٹیٹ بینک نے وضاحت جاری کی ہے اور کہا ہے کہ فارن کرنسی اکاؤنٹس میں پہلے سے جمع رقوم معمول کے مطابق نکلوائی اور ٹرانسفر کی جاسکتی ہیں ،اسی طرح فائلر حضرات بینک سے اجازت لے کر فارن کرنسی اکاؤنٹ میں کیش جمع کراسکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.