کرونا کیسز میں اضافہ، میڈرڈ میں ایمرجنسی نافذ

0

میڈرڈ: اسپین کی مرکزی حکومت نے دارالحکومت میڈرڈ میں کرونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے، جس کے بعد میڈرڈ میں میئر اور مقامی انتظامیہ کے بجائے مرکزی حکومت کے پاس کنٹرول آگیا ہے، ایمرجنسی کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیا اور یہ حکم نامہ جمعہ سے اگلے  دوہفتوں تک نافذ رہے گا۔

مرکزی حکومت نے یہ اقدام ایسے موقع پر کیا ہے، جب میڈرڈ کی مقامی حکومت کے ساتھ کرونا پابندیوں کے معاملے پر اس کے اختلافا ت سامنے آرہے  تھے،  میڈرڈ کے مئیر جو اپوزیشن جماعت سے تعلق رکھتے ہیں، وہ دارالحکومت میں سخت کرونا پابندیوں کی مخالفت کررہے تھے، مقامی عدالت نے بھی ان کے حق میں فیصلہ دے دیا تھا، تاہم دارالحکومت میں کرونا کی  بگڑتی صورتحال کے پیش نظر ہسپانوی کابینہ کا ہنگامی اجلاس گزشتہ روز ہوا، جس میں ایمرجنسی لگانے کی منظوری دی گئی۔

وزیرصحت سلواڈور نے اجلاس کے بعد بتایا کہ اس میں کوئی شک نہیں رہا کہ میڈرڈ میں کرونا کمیونٹی ٹرانسمیشن کے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، اور ایسے  موقع پر جب موسم سرما سر پر کھڑا ہے، یہ خطرناک موڑ ہے، ہمیں فوری اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے، ہم خاموش تماشائی نہیں رہ سکے۔

پابندیوں کیا ہوں گی؟

نئے حکم نامے کے تحت  میڈرڈ میں کئی پابندیاں نافذ کردی گئی ہیں، جن کے تحت میڈرڈ میں تمام غیر ضروری آمدورفت پر پابندی لگادی گئی ہے، ریستوران 11 جبکہ اسٹورز رات 10 بجے بند کرادئیے جائیں گے، جبکہ ان میں شہریوں کی ایک وقت میں آمد بھی گنجائش سے 50 فیصد کم رکھنی ہوگی، مرکزی حکومت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ ایسے تمام افراد پر جرمانے عائد کرے، جو کسی مضبوط جواز کے بغیر باہر نظر آئیں، ان پابندیوں پر عمل کرانے کے لئے 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

دوسری طرف میڈرڈ کی ریجنل سربراہ اسابیل ایسو نے مرکزی حکومت کے اقدامات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے معیشت سخت متاثر ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.