کرونا سے پریشان دنیا کیلئے امید کی کرن روشن

0

جنیوا:عالمی ادارہ صحت نے کرونا کی وبا سے پریشان دنیا کو اچھی خبر سنادی، اس وبا سے لڑنے کے لئے ویکیسن تیاری کے حوالے سے کوششیں کامیابی کے قریب پہنچ گئی ہیں، عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر نے اس یقین کا اظہار کیا  ہے کہ اس سال کے آخر تک کرونا کی وبا کے خلاف ویکسین تیار ہوجائے گی۔

تفصیلات کےمطابق عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا کہ پوری انسانیت کو اس ویکیسن کا شدت سے انتظار ہے، اور امید ہے کہ یہ انتظار اس برس کے آخر تک ختم ہوجائےگا۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے مزید کہا کہ ویکسین کی تیاری کے بعد اس کی منصفانہ تقسیم کا چیلنج درپیش ہوگا، ویکسین کی ہر فرد تک رسائی یقینی بنانے کے لیےعالمی قیادت کو سیاسی عزم کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک میں 9 ویکسین تیاری کے آخری مراحل میں ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کی ’’کوویکس گلوبل ویکسین فیسیلیٹی‘‘ میں 168 ممالک شامل ہوچکے ہیں جو ویکسین کی 2 ارب خوراکیں بنانے کے عزم پر کاربند ہیں۔

واضح رہے کہ چین نے بھی نومبر تک ویکسین تیار کرنے کا اعلان کر رکھا ہے اور پاکستان بھی چین کے ویکسین پروجیکٹ کا اہم حصہ ہے، پاکستان میں بھی چینی ویکسین کا آزمائشی مرحلہ جاری ہے، دوسری طرف امریکی دوا ساز کمپنی فائزر اور جرمنی کی بائیواین ٹیک بھی ویکسین کی تیاری کے قریب  ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.