اٹلی میں تارکین وطن سے متعلق قانون تبدیل

0

روم: اٹلی کی حکومت نے سابق وزیرداخلہ ماتیو سالوینی کا بنایا گیا تارکین وطن مخالف قانون ختم کردیا، جس میں تارکین وطن کی آمد اور اٹلی میں قیام روکنے کیلئے سخت شقیں شامل کی تھیں، قانون میں ردوبدل کے ذریعہ اٹلی آنے والے اور پہلے سے موجود تارکین وطن کو بڑی رعائتیں دینے کا اعلان کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اطالوی حکومت نے سابق وزیرداخلہ سالوینی کا بنایا گیا قانون بدل دیا ہے، حکومت نے قانون میں ترمیم کے ذریعہ تارکین وطن کی اٹلی میں آمد اور ان کے قیام کو آسان بنادیا ہے، حکومت نے سیاسی پناہ  کا حصول بھی آسان بنادیا ہے۔

قانون میں تبدیلی

سالوینی قانون کے تحت اٹلی پہنچنے والے تارکین وطن کو ڈیپورٹ کرنے کا حکم تھا، اور صرف اس تارک وطن کو ڈیپورٹ نہیں کیا جاسکتا تھا، جسے واپس  بھیجنے کی صورت میں تشدد یا جان کا خطرہ ہو، تاہم اب حکومت نے اس قانون میں تبدیلی کے ذریعے اسے تارکین وطن دوست بنادیا ہے، اور نئے قانون کے تحت ایسے کسی غیرملکی کو اٹلی سے ڈیپورٹ نہیں کیا جائے گا، جنہیں اپنے وطن میں غیر انسانی سلوک یا اپنے اور خاندان کے حقوق سلب ہونے کا خطرہ ہو، اس طرح اس تبدیلی سے سیاسی پناہ کا حصول آسان بنادیا گیا ہے۔

پرمٹ کی تبدیلی

نئے قانون کے تحت انسانی حقوق والے پرمٹ سمیت تمام اسپشل ریذیڈینٹ پرمٹ رکھنے والے تارکین کو بھی نئے قانون میں بڑی سہولت دے دی گئی ہے، اور وہ اپنے پرمٹ ورک ویزا میں تبدیل کراسکیں گے، جس کے بعد ان کے لئے اپنے خاندان اٹلی بلوانا اور اپنے آبائی وطن سمیت بیرونی سفر آسان ہوجائے گا، اس کے علاوہ ورک پرمٹ ملنے کے بعد وہ پرمٹ ہولڈرز کو ملنے والے دیگر حقوق کے بھی حقدار ہوجائیں گے۔

نئے قانون کے تحت تارکین وطن کے لئے چھوٹے ریسیپشن سینٹرز بھی دوبارہ کھول دئیے جائیں گے، جہاں سیاسی پناہ کے خواہشمند غیرملکیوں کو رکھا جائے گا، سالوینی قانون کے تحت ان سینٹرز کو بند کردیا گیا تھا، یہ سینٹرز کھلنے سے تارکین وطن کو وہاں قیام اور طعام کی سہولت مل جائے گی۔

این جی اوز کیلئے اہم اعلان

منگل کو جاری ہونے والی ڈگری کے مطابق تارکین وطن کو سمندر میں بچانے والی این جی اوز  کے لئے بھی  قانون میں بڑی نرمی کردی گئی ہے، ان این جی اوز پر زیادہ سے زیادہ جرمانے کی حد جو سالوینی قانون کے تحت ایک ملین یورو تھی، اب اس میں بڑی کمی کرکے صرف 50 ہزار یورو کردیا گیا ہے،  یہ جرمانہ بھی صرف ان این جی اوز پرعائد کیا جاسکے گا، جو بحیرہ روم میں ریسکیو آپریشن کے دوران اٹلی کے سرکاری اداروں کے احکامات کی خلاف ورزی میں ملوث ہوں گی، عام ریسکیو کارروائیوں اور حکومتی اجازت سے کئے گئے امدادی آپریشنز پرکوئی جرمانہ نہیں کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.