یورپ میں کرونا کے پھیلاؤ پر اطالوی وزیر صحت نے خبردار کردیا

0

روم: یورپ میں  کرونا کے کیس مسلسل بڑھ رہے ہیں، اگرچہ اٹلی میں باقی ملکوں کے مقابلے میں صورتحال بہت بہتر ہے، تاہم اطالوی وزیرصحت نے عوام  کو خبردار کیا ہے کہ آگے مشکل وقت  آسکتا ہے، اس لئے احتیاط کریں، دوسری طرف  فرانس، جرمنی، برطانیہ اور اسپین میں مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

تفصیلات  کے مطابق اٹلی میں آج 28 افراد کی کرونا سے جان چلی گئی، جبکہ 2667 نئے مریض سامنے آئے ہیں، دوسری طرف ورلڈ بیرو میٹر کے مطابق فرانس میں 32 ہلاکتیں اور 12 ہزار 565 مریض ریکارڈ کئے گئے، اسپین میں 261 افراد کی موت  اس وبا سے ہوئی  اور 12 ہزار 793 نئے افراد اس کے متاثرین میں شامل ہوگئے، اسی طرح  برطانیہ میں 76 اموات، اور 14 ہزار 542 نئے کیس جبکہ جرمنی میں 11 ہلاکتیں اور 1212 نئے مریض سامنے آئے ہیں، اس طرح باقی یورپی ملکوں کے مقابلے میں اٹلی کی صورتحال  بہتر ہے۔

تاہم اطالوی وزیر صحت رابرٹو سپرانزا کا کہنا ہے اگلے 7 سے 8 ماہ مشکل ہیں، انہوں نے کہا کہ جب تک کرونا کی ویکسین تیار نہیں ہوجاتی، ہمیں صبر کے ساتھ  احتیاط کا دامن تھامے رکھنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ اٹلی سمیت پوری عالمی برادری ویکسین تیار کرنے کی کوشش کررہی ہے، اور ہمیں امید رکھنی چاہئے کہ جلد ہی اچھی خبر ملے گی، لیکن جب تک ہمیں ویکسین میسر نہیں آجاتی، ہمیں احتیاط کے ذریعہ اس وبا سے بچنا ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.