فوج کیخلاف پروپیگنڈے کا الزام، گرفتاریاں شروع

0

اسلام آباد: پاکستان میں فوج کیخلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے، گرفتاریاں اور مقدمات کا اندراج شروع،  کراچی میں ایک صحافی کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ نوازشریف کے قریبی ساتھی صحافی اور سابق چئیرمین پیمرا ابصار عالم کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

یہ کارروائی ایسے موقع پر شروع ہوئی ہے، جب چند روز قبل کورکمانڈرز کانفرنس میں ہائبرڈ وار اور اس سے پاکستان کے مفادات کو لاحق خطرات پر غور کیا گیا تھا، اور فیصلہ کیا گیا تھا کہ حکومت کے ساتھ مل کر اس حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں گے، اس سے پہلے آرمی چیف جنرل باجوہ نے بھی یوم دفاع کی تقریب میں کہا تھا کہ دشمن ہمارے خلاف ہائبرڈ وار  لڑرہا ہے، اور فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، لیکن ہم یہ جنگ بھی جیتیں گے۔

کراچی میں صحافی گرفتار

کراچی میں پہلی گرفتاری بلال فاروقی نامی صحافی کی ہوئی ہے، جو انگریزی اخبار سے وابستہ تھا، جس پر صحافتی انجمنوں نے اس گرفتاری کی مذمت کی ہے اور اسے آزادی اظہار پر حملہ قرار دیا ہے، کراچی کے تھانہ ڈیفنس نے بلال فاروقی کو فوج کیخلاف نفرت پھیلانے اور مذہبی منافرت پر مبنی پوسٹیں کرنے پر گرفتار کیا ہے۔

ڈیفنس پولیس نے جاوید نامی شخص کی شکایات پر یہ کارروائی کی ہے، بلال فاروقی کو ڈیفنس میں انکے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا، انکی  اہلیہ کے مطابق گرفتاری کے کچھ دیر بعد پولیس اہلکار دوبارہ انکے گھر آئے اور انکا موبائل فون بھی اپنی تحویل میں لے لیا، پولیس کے مطابق بلال فاروقی کے خلاف مقدمہ الزام نمبر613/20 بجرم دفعہ 500/505 سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ شکایات گزار کا کہنا ہے کہ بلال فاروقی کی جانب سے سوشل میڈیا کی دو ایپلیکیشن پر نفرت آمیز مواد پوسٹ کئے جاتے ہیں اور چند روز قبل بھی پاکستان آرمی اور مذہبی منافرت پر مبنی مواد شائع کیا گیا تھا۔

ابصار عالم پر مقدمہ

اپوزیشن جماعت کے قائد نوازشریف کے قریبی صحافی اور پیمرا کے سابق سربراہ ابصار عالم کے خلاف بھی فوج اور وزیراعظم کے خلاف پروپیگنڈہ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، یہ مقدمہ ضلع جہلم کے تھانہ دینہ میں مقامی وکیل چوہدری نوید ایڈوکیٹ نے درج کرایا ہے، مدعی کا کہنا ہے کہ ابصار عالم افواج پاکستان اور وزیراعظم کے خلاف توہین اور نفرت آمیز پوسٹیں کرتے ہیں، وہ پاکستان میں رہتے ہوئے اس کی جڑی کھوکھلی کررہے ہیں، لہذا ان کے خلاف کارروائی کی جائے، پولیس کا کہنا ہے کہ متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، اور مزید کارروائی کی جارہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.