لاہور: پنجاب پولیس کو گجرپورہ میں موٹر وے لنک روڈ پر خاتون کی بے حرمتی میں ملوث 2 ملزمان کے حوالے سے اہم کامیابی مل گئی ہے، دو روز کے اندر کیس حل کرلیا گیا، تمام شواہد اکٹھے کرلئے گئے ہیں، جس سے سفاک مجرموں کا سزا سے بچنا ممکن نہیں رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی اے آر وائی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب پولیس کو گجرپورہ میں خاتون کی بچوں کے سامنے بے حرمتی کرنے والے درندوں کے خلاف اہم کامیابی مل گئی ہے، پنجاب پولیس کے ذرائع کے مطابق اس واردات میں ملوث دو میں سے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے، اور اس کا گھیرا بھی تنگ کردیا گیا ہے، جلد ہی وہ بھی گرفتار کرلیا جائے گا، ملزم کو سائنسی بنیادوں پر تحقیقات کے ذریعہ گرفتار کیا گیا ہے، اور پولیس حکام کے مطابق اعلیٰ حکام اور حساس اداروں کے افسران اب اس سے تفتیش کررہے ہیں، توقع ہے کہ ابتدائی تفتیش کے بعد پنجاب پولیس مرکزی ملزم کی گرفتاری کا باقاعدہ اعلان کردے گی۔