پاکستان بھنگ سے کتنے ارب ڈالر کمائے گا، جہلم سمیت کون سے اضلاع کاشت کیلئے منتخب

0

اسلام آباد ۔ وفاقی حکومت نے بھنگ سے تیار ہونے والی ادویات اور مرکب سے سالانہ ایک ارب ڈالر کی برامدات کا ہدف مقرر کردیا، صنعتی بھنگ پہلے مرحلے میں صرف سرکاری اداروں کو کاشت کرنے کی اجازت دی گئی ہے، اور اس کے لئے ملک کے 3 اضلاع کو چنا گیا ہے۔

وا ضح رہے کہ طبی اور صنعتی مقاصد کے لئے بھنگ کی عالمی مارکیٹ اربوں ڈالر کی ہے، اور اس میں چین اور کینیڈا سرفہرست ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں بھنگ کومختلف ادویات بالخصوص درد کش ادویات کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے، تاہم پاکستان میں خصوصاً پوٹھوہار ریجن میں بھنگ کی کاشت کے لئے موسم اور زمین موزوں ہونے کے باوجود کبھی اس پر توجہ نہیں دی گئی۔

گزشتہ سال پہلی بار وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے اس حوالے سے بیان دیا تو ان کا میڈیا اور سیاسی رہنماؤں نے مذاق اڑایا، تاہم حکومت نے ان کی تجویز پر کام کیا اور اب وفاقی کابینہ نے بھنگ کی طبی مقاصد کے لئے 3 اضلاع میں کاشت کی منظوری دے دی ہے، جن میں پشاور، چکوال اور جہلم شامل ہیں۔ 

اس حوالے سے فاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ صنعتی بھنگ کی تیاری کے فیصلے سے مستقبل میں پاکستان ایک ارب ڈالر کی منڈی بن سکتا ہے۔

کابینہ نے بھنگ کے صنعتی اور طبی استعمال کے سلسلے میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور پاکستان کونسل آف سائنس اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) کے لیے پہلے لائسنس کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے بعض عناصر کی جانب سے بھنگ کی کاشت کو نشے سے جوڑنے کا پروپیگنڈہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی بھنگ پلانٹ میں کینابیڈیول نامی ایک مرکب موجود ہے جو طبی علاج میں شدید اور دائمی درد کو کم کرنے کے لیے بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

چین اور کینیڈا سمیت متعدد ممالک دسیوں ہزار ایکڑ پر بھنگ کی کاشت کر رہے ہیں۔ پودے کا بیج بھنگ کا تیل بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، پتی کو دوائیوں میں استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ تنے کو ریشہ بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جو ٹیکسٹائل کی صنعت میں ایک دن روئی کی جگہ لے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی مراحل میں حکومت کے کنٹرول میں پروجیکٹ چلانے کی منظوری دی گئی ہے تاکہ مزید تحقیق اور حفاظتی تدابیر اختیار کی جا سکیں۔ کوشش ہے کہ اگلے 3سالوں میں بھنگ کی منڈی پاکستان کو ایک ارب ڈالر کا ریونیو پیدا کر کے دے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.