مریم کے شوق نے نوازشریف کو پھنسادیا، شہباز کیمپ ناراض

0

لاہور: پارٹی قائد نوازشریف کی عدالت کی جانب سے طلبی پر شہباز شریف کیمپ کے رہنما تازہ مشکل کا ذمہ دار بھی مریم کو قرار دے رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے سوشل میڈیا پران رہنے کا شوق پہلے بھی پارٹی کو بھاری پڑا اور اب تازہ مشکل بھی اسی وجہ سے کھڑی ہوئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ن لیگ میں شہبازشریف کے حامی کیمپ نے نوازشریف کی تازہ مشکل کا ذمہ دار ان کی بیٹی کو قرار دینا شروع کردیا ہے ، نجی طور پر پارٹی رہنما یہ کہہ رہے ہیں نوازشریف کو سوشل میڈیا پر تصاویر پوسٹ کرنے اور فضل الرحمن سمیت سیاسی رہنماؤں سے رابطوں کا مشورہ ان کی صاحبزادی نے ہی دیا تھا، جس سے نوازشریف کے لندن قیام کا دبا ہوا معاملہ سامنے آگیا، اور حکومت و دیگر اداروں پر بھی دباؤ آیا کہ وہ کیوں خاموش ہیں۔

یہ رائے رکھنے والے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مریم نواز کا سوشل میڈیا پر رہنے کا شوق پارٹی کو مسلسل مہنگا پڑرہا ہے، جب نوازشریف وزیراعظم تھے، تو یہ مریم ہی تھی، جس نے سرکاری خرچے پر سوشل میڈیا ٹیم بنائی ، اور اس ٹیم پر یہ الزامات لگے کہ وہ پاک فوج کیخلاف پروپیگنڈہ میں ملوث ہے، جس سے حکومت اور فوج کے معاملات زیادہ خراب ہوئے تھے۔

اب نوازشریف کی 8 ہفتے کی ضمانت ختم ہونے کے باوجود حکومت اور عدالتی سطح پر کئی ماہ سے خاموشی تھی، لیکن مریم نے اپنے والد کو مشورہ دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر وقفے وقفے سے پوسٹ کریں، اور مریم نے پھر یہ پوسٹیں خود شئیر کیں، جس کے بعد نوازشریف کے لندن قیام کا معاملہ سامنے آیا، اور عدالتوں و حکومت پر تنقید شروع ہوئی۔

ذرائع کےمطابق شہبازکیمپ نے تازہ صورتحال مشکل قرار دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ پہلے بڑی مشکل سے انہوں نے نوازشریف کو لندن بھجوانے کےلئے متعلقہ حلقوں کو راضی کیا تھا ، لیکن اب صورتحال پہلے جیسی نہیں ہے ، اس لئے قانونی کارروائی آگے بڑھتی نظر آرہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.