پاک بحریہ کیلئے تیار کردہ فریگیٹ کی لانچنگ تقریب

0

اسلام آباد: پاک بحریہ کے لیے تیار کیے جانے والے پہلے ٹائپ 054 فریگیٹ کی لانچنگ تقریب کا انعقاد چین کے شہر شنگھائی ہوڈونگ ژونگوا شپ یارڈ میں ہوا۔

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنر (نیوی) چیف نیول اوورسییر (چین) کموڈور اظفر ہمایوں نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جب کہ چائنہ شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کارپوریشن لمیٹڈ (CSTC) کے چیئرمین لی ہونگ تاؤ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

یہ تقریب پاک بحریہ کے لیے بنائے گئے جدید ترین فریگیٹ کی تعمیر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ سطح سمندر، زیر آب اور فضا میں مار کرنے والے جدید ہتھیاروں، کمبیٹ مینجمنٹ سسٹم اور سینسرز سے لیس ٹائپ 054 فریگیٹ تکنیکی طور پر پاک بحریہ کے بیڑے کے سب سے جدید جہازوں میں سے ایک ہوں گے۔ ہمارے خطے میں امن و استحکام کے قیام میں یہ جہاز اہم کردار ادا کریں گے۔

قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے اس موقع کو پاک چین دفاعی تعلقات میں ایک نئے باب سے تعبیر کیا۔ انھوں نے ہوڈونگ ژونگوا شپ یارڈ،چین کی محنت اور عزم کو سراہا اور COVID 19 کی عالمی وبا کے باوجود پراجیکٹ کو جاری رکھنے کے لیے CSTC کی مسلسل کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں پاک بحریہ اور CSTC/ہوڈونگ شپ یارڈ کے عہدیداران نے شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.