حکومت پنجاب کا کھاریاں پبی کیلئے اہم فیصلہ

0

لاہور: پنجاب حکومت نے 2 مزید نیشنل پارکس کے قیام کی منظوری دے دی ہے، ان میں سے ایک پارک کھاریاں کے علاقے پبی ہل کی پہاڑیوں میں بنایا جائے گا، اس فیصلے سے کھاریاں کی پبی کو محفوظ بنایا جاسکے گا اور وہاں کسی قسم کی تعمیراتی یا کمرشل سرگرمیاں نہیں کی جاسکیں گی، ہاؤسنگ سوسائٹیوں پر بھی پابند ی ہوگی۔

تفصیلات کےمطابق وزیراعظم کی طرف سے جنگلات میں اضافے کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے پنجاب حکومت نے مزید 2 نیشنل پارکس کے قیام کی منظوری دے دی ہے، ان میں سے ایک پارک کھاریاں کی پبی میں جبکہ دوسرا فتح جنگ کے قریب خیری مورت میں 8 ہزار 740 ایکڑ اراضی پر بنایا جائے گا۔

کھاریاں کے قریب پبی میں38 ہزار 874 ایکڑ اراضی پر نیشنل پارک بنایا جائے گا، اس کے علاوہ بہاولپور کے لال سہانرا نیشنل پارک میں بھی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، پنجاب کابینہ کے اجلاس میں ان فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

نیشنل پارک بننے سے کھاریاں کی پبی اور فتح جنگ میں خیری مورت پر جنگل قائم کئے جائیں گے، درخت کاٹنے پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ تعمیراتی سرگرمیاں بھی نہیں کی جاسکیں گی، اس فیصلے سے کھاریاں کی پبی کی اصلی حالت میں بحالی کی امید پیدا ہوگئی ہے، اور یہ حقیقی معنوں میں دوبارہ جنگل بن جائے گا، جس سے علاقے کے ماحول پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.