ایران میں مظاہرے روکنے کیلئے فوج تعینات، حکومت نے معاملہ بیرونی سازش قرار دیدیا

0

تہران: ایران میں مظاہروں کا سلسلہ پھیل گیا ہے، جس کے بعد مختلف شہروں میں فوج طلب کرلی گئی ہے، حکومت نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بیرونی سازشوں سے ہوشیار رہیں، دوسری طرف فورسز کو بھی سختی کے ساتھ مظاہرے کچلنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں،

جمعہ کو مظاہروں کے دوسرے روز صوبے خوزستان کے شہر بہبہان میں سیکڑوں مظاہرین نے پھر مظاہرہ کیا، جس کے بعد حکومت نے انٹرنیٹ کی فراہمی منقطع کردی ہے۔

مظاہرین ایرانی نظام کے رخصت ہونے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ مشہد شہر میں سےبھی متعدد مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے، یہ گرفتاریاں جمعے کے روز بڑے پیمانے پر مظاہروں کی دعوت دیے جانے کے بعد عمل میں آئی ہیں۔

ایران میں عوامی احتجاج کے اس تازہ سلسلے کو ملک کی خراب ہوتی ہوئی معاشی صورتحال کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے، مہنگائی کی شرح 40 فیصد تک پہنچ جانے اور روزگار کے موقع نہ ہونے سے ملک میں بے چینی پائی جارہی ہے،

تازہ احتجاج کی جو وڈیوز سوشل میڈ یا پرسامنے آرہی ہیں، ان میں لوگ ایران میں رائج نظام کیخلاف نعرے لگارہے ہیں، اس کے علاوہ شام ، یمن اور لبنان سمیت دیگر ملکوں میں مداخلت بند کرکے وسائل عوامی فلاح پر لگانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے، تاہم ایرانی حکومت کے ترجمان نے مظاہروں کو دشمن کی سازش قرار دیا ہے، اور عوام کو ان سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران کے دشمن ملک میں بےچینی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.