بھارت کلبھوشن کیس سےفرار کی پالیسی پر عمل پیرا، ملاقات پیشکش پر بھی خاموش

0

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی بحریہ کے حاضر سروس افسر اور جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کو سزائے موت کے فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل کی پیشکش کی ہے، تاہم کل بھوشن نے نظر ثانی اپیل کرنے سے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنی رحم کی اپیل کی پیروی کرنا چاہتے ہیں۔

کلبھوشن کے انکار کے بعد پاکستان نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ اسلام آباد میں اپنے ہائی کمیشن کے ذریعہ بھی 60 روز میں یہ اپیل کرسکتا ہے، اس کے علاوہ پاکستان نے بھارت کو کل بھوشن تک دوسری قونصلر رسائی دینے اور والد سے ان کی ملاقات کی پیشکش بھی کردی ہے، تاہم بھارت نے اس پر بھی چپ سادھ لی ہے، اور وہ عملی طور پر کیس سے فرار کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ 

ایڈیشنل اٹارنی جنرل احمد عرفان اور وزارت خارجہ میں ڈی جی جنوبی ایشیاء زاہد حفیظ نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستانی قانون فیصلے کا ازسرنو جائزہ لینے کی اجازت دیتا ہے، لیکن کل بھوشن نے مقدمہ پر نظرثانی کی اپیل دائر کرنے سے انکار کیا ہے، بھارتی حکومت چاہے تو وہ خود بھی ہائی کمیشن کے ذریعہ نظر ثانی اپیل دائر کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ البتہ پاکستان نے بھارتی حکومت کا یہ مطالبہ مسترد کردیا ہے کہ اسےاپنا وکیل پیش کرنے کی اجازت دی جائے، اور واضح کیا ہے کہ بھارت کو قانون کے مطابق صرف پاکستانی ہائی کورٹ کےلائسنس یافتہ وکیل کی خدمات حاصل کرنی ہوں گی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل احمدعرفان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن پاکستان میں تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث رہا، پاکستان نے عالمی عدالت کے فیصلے کے بعد ضروری اقدامات اٹھائے۔

واضح رہے کہ ’’را ‘‘کے لیے کام کرنے والے بھارتی بحریہ کے حاضر سروس کمانڈر کل بھوشن یادیو عرف حسین مبارک پٹیل کو پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 3 مارچ 2016 کو ایران سے غیرقانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوتے ہوئے بلوچستان سے گرفتار کیا تھا۔ جس کے بعد فوجی عدالت نے اسے قانونی تقاضے پور کرتے ہوئے سزائے موت سنائی تھی۔

بھارت نے اس حوالے سے عالمی عدالت سے رجوع کیا تھا جس پر گزشتہ برس جولائی میں آئی سی جے نے پاکستان سے فیصلہ پر موثر نظر ثانی کیلئے کہا تھا تاکہ ویانا کنونشن کے تحت مجرم کوحاصل حقوق کی ضمانت دی جا سکے، پاکستان سے اس حوالے سے تمام ضروری قانونی تقاضے پورے کئے ہیں۔ تاہم بھارت مسلسل ہٹ دھرمتی کا مظاہرہ کر رہا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.