زرداری کو کس  نے فرد جرم سے بچایا؟، نوازشریف کس وجہ سے بنے اشتہاری؟ 

0

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت جعلی اکاؤنٹس کے دیگر ملزمان  پر گزشتہ روز بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ دوسری جانب احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں زرداری کے  وارنٹ جاری کردئیے ہیں اور کہا ہے کہ اگر وہ اگلی سماعت پر حاضر نہ ہوں تو انہیں گرفتار کرکے لایا جائے۔

توشہ خانہ ریفرنس

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی طلبی کا اشتہار جاری کردیا جبکہ اسی کیس میں آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری نیب کو بھیج دئیے، زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے ساتھ جاری کیے گئے ہیں جس میں کہا گیا کہ اگر ملزم  ایک ضامن کے ساتھ پیش نہ ہو تو اسے گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ نوازشریف اس کیس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی مہربانی کی وجہ سے پھنسے ہیں، جنہوں نے   کوئی سرکاری عہدہ نہ ہونے کے باوجود اپنی وزارت عظمیٰ کے دور میں نوازشریف کو سرکاری گاڑی فراہم کی تھی۔

جعلی اکاؤئنٹس کیس

جعلی اکاؤئنٹس کیس میں زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک اور لطیف کھوسہ عدالت پیش ہوئے اور آصف زرداری، فریال تالپور کی حاضری سے  استثنیٰ  کی درخواستیں دائر کیں، جنہیں فاضل جج اعظم  خان نے منظور  کرلیا۔

عدالتی استفسار پر نیب تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ زین ملک(بحریہ ٹاون کے مالک ملک ریاض  کا داماد) کی پلی بارگین درخواست پر کاروائی جاری ہے، ہمیں مزید وقت درکار ہے، عدالت نے کہا کہ ملزم کی بارگین کی درخواست پرمکمل ہونے تک فرد جرم نہیں لگ سکتی۔

آئندہ سماعت 24 جولائی سے قبل پلی بارگین پر رپورٹ جمع کرائی جائے، تاکہ کارروائی آگے بڑھے، اس طرح ملک ریاض کے داماد نے اس کیس میں زرداری  کو فرد جرم سے بچالیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.