منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، اٹلی میں دنیا کی سب سے بڑی کھیپ پکڑی گئی

0

نیپولی: اٹلی نے دنیا میں منشیات کی سب سے بڑی کھیپ پکڑلی ہے، جس کی مالیت ایک ارب20 کروڑ  ڈالر سے زائد ہے، نیپولی کے جنو ب میں  سیلرینو بندرگاہ پرکارروائی کے دوران منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والے مرکب امفیٹا مائنز کی 8 کروڑ 40 لاکھ گولیاں برامد کی گئی ہیں، جو ایک کنٹینر میں   لائی گئی ہیں، اس منشیات کو نیپولی سے مافیا کے ذریعہ پورے یورپ میں تقسیم کیا جانا تھا۔

اطالوی حکام کا کہنا ہےکہ جس بڑی مقدار میں منشیات منگوائی گئی ہے، اس سے پتہ چلتا ہے کہ اس میں مافیا کے کئی بڑے گروپ ملوث ہیں، اور یہ ان کا مشترکہ منصوبہ تھا،برآمد ہونے والی منشیات  کا وزن 14 ٹن بتایا گیا ہے۔

اطالوی حکام کے مطابق یہ منشیات شام میں تیار کی گئی ہے اور انہیں یقین ہے کہ دہشت گرد گروپ داعش نے اسے تیار کر کے فروخت کیا ہے، جو منشیات کو فنڈز جمع کرنے کا بڑا ذریعہ سمجھتا ہے، حکام نے بتایا کہ منشیات کو گولیوں کی شکل میں تیار کیا گیا تھا، اور ان پر کاغذ لپیٹے گئے تھے، انہیں 3 کنٹینرز کے ذریعہ اٹلی کی بندرگاہ تک پہنچایا گیا۔

اٹلی کی معاشی امور سے متعلق پولیس گارڈیا ڈی فائنانسا نے کارروائی سے متعلق ویڈیو بھی ٹوئٹر پر جاری کی ہے، جس میں اہلکاروں کو منشیات کے مرکب کی گولیاں نکالتے دکھایا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ کرونا بحران کے بعددنیا کے  کئی دیگر حصوں میں امفیٹا مائنز کی تیاری کا عمل رکا اور متاثر ہوا ہے، تاہم شام میں دہشت گرد تنظیم داعش  نے اس کی تیاری متاثر نہیں ہونے دی۔

امفیٹا مائنز برانڈ نام کیپٹاگون کے نام سے بھی جانی جاتی ہے، اور یہ ڈیپریشن سمیت کئی ذہنی امراض  کے مریضوں کیلئے بھی استعمال کی جاتی ہے، تاہم امریکہ سمیت کئی ممالک نے اس کے استعمال کرنے والوں کے نشے کے عادی ہوجانے کے باعث اس پر پابندی لگادی تھی، تاہم  بہت سکون آور ہونے کی وجہ سے یہ مشرق وسطیٰ  سمیت دنیا کے کئی خطوں میں اب بھی  بڑے پیمانے پر استعمال کی جاتی ہے۔

اطالوی پولیس کمانڈر ڈومنیکو نیپولی   تانو نے امریکی ٹی وی سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ منشیات  کوبڑی مہارت کے ساتھ چھپایا گیا تھا، اور اسکینرز اس کی نشاندہی نہیں کرسکے تھے، لیکن ہمارے پاس اطلاعات تھیں، ہم نے مافیا کارندوں کی کچھ کالز ریکارڈ کی تھیں جبکہ کچھ افراد بھی گرفتار کئے تھے اور ان سے بھی قیمتی معلومات حاصل ہوئی تھیں، اس لئے ہم اسے پکڑنے میں کامیاب رہے ۔

اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ منشیات ڈیلر عموماً اتنی بڑی مقدار ایک ساتھ  نہیں منگواتے لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سےان کی یورپ میں ترسیل رکی ہوئی تھی،شائداسی لئے کئی گروپوں نے مل کر بڑی کھیپ منگوائی ہوگی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.