پاکستان میں ’’PUBG‘‘ گیم پر پابندی عائد

0

اسلام آباد:نوجوانوں میں بے پناہ مقبول آن لائن گیم ’’پب جی‘‘ پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) نے عارضی پابندی عائد کردی ہے، گیم کی وجہ سے گزشتہ چند روز کے دوران صرف لاہور میں ہی  خودکشی کے3 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، آج بھی  لاہور کی پنجاب سوسائٹی کے رہائشی 18 سالہ نوجوان شہریار نےگیم کھیلنے سے منع کرنے پرخود کشی کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گیم کے باعث نوجوانوں میں بڑھتے خودکشی کے رجحانات کو دیکھتے ہوئے پی ٹی اے نے ’’پب جی‘‘ پرفوری طور پابندی عائد کردی ہے، پی ٹی اے کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ  مختلف  طبقات کی جانب سے ملنے والی شکایات پرحتمی فیصلہ ہونے تک پب جی گیم پرعارضی پابندی عائد کی جارہی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ موصول ہونے والی شکایات میں کہا گیا ہے کہ بچے اس کی لت میں پڑ جاتے ہیں، اور ان پر سنگین نفسیاتی و جسمانی اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ لاہور پولیس کی جانب سے بھی پی ٹی اے کو خط لکھا گیا تھا جس میں انہوں نے اس گیم پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی تھی۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے  پی ٹی اے میں سماعت 9 جولائی کو ہوگی، جس میں درخواست گزاروں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو سناجائے گا ، جس کے بعد اس آن لائن موبائل گیم کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.