امریکی کمپنی نے کورونا ویکسین  کے ہوش اڑا دینے والے نرخ طے کردیے

0

واشنگٹن: کرونا کی دوا remdesivir تیار کرنے والی امریکی کمپنی گیلاڈ ( Gilead) نے اس کی قیمت 2340 ڈالر مقرر کردی ہے، جو پاکستانی روپے کے حساب سے تقریبا ً4 لاکھ بنتی ہے ، کمپنی کی تیار کردہ  دوا اگرچہ کرونا کا علاج نہیں ہے،تاہم اس کے استعمال سے مریض جلد صحت یاب ہورہے ہیں، جس کے بعد کمپنی نے اس دوا کے ذریعہ امریکہ سمیت امیر ممالک کے مریضوں اور انشورنس کمپنیوں کی جیبیں خالی کرنے کا پروگرام بنا لیا ہے۔

کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ڈین اوڈوی کا کہنا ہے کہ امریکہ اور یورپ سمیت ترقی یافتہ ممالک میں کمپنی  ایک مریض کے کورس کیلئے استعمال ہونے والی دوا کے 2340 ڈالر چارج کرے گی، گزشتہ روز انہوں نے دوا کی قیمت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پرائیوٹ انشورنس والے مریضوں کے لئے اس کی قیمت  بڑھ کر 3120 ڈالر  تک چلی  جائے گی، انہوں نے کہا کہ دوائی کی قیمت کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ مریض جیب سے کتنی رقم ادا کررہا ہے اور اس کی انشورنس اور آمدن کتنی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہم غیرمعمولی حالات سے گزررہے ہیں،اور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک  دوا کی رسائی یقینی بنانے کیلئے کام کرنا ہوگا،امریکہ اور کچھ دیگر ممالک کو دوا کے جو عطیات دئیے گئے ہیں،وہ ایک ہفتے میں مکمل ہوجائیں گے اور اس کے بعددوا کی  فروخت شروع  کردی جائے گی۔

دوسری جانب صارفین کے گروپوں نے  دوا کی قیمت اتنی زیادہ مقرر کرنے پر سخت تنقید کی ہے، اور کہا ہے کہ دوا کی تیاری میں امریکہ کے سرکاری وسائل استعمال ہوئے ہیں، ایسے میں اتنی زیادہ قیمت کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

امریکی وفاقی حکام نے ریاستوں کو محدود تعداد میں اس دوا کی خوراکیں فراہم کی ہیں،تاہم کمپنی کے ساتھ معاہدہ ستمبر میں ختم ہوجائے گا،امریکی حکومت نے 5 لاکھ مریضوں کیلئے اس دوا کا انتظام کیا ہے، جو اسپتالوں کو ستمبر تک  فراہم کی جائیں گی۔

غریب ملکوں پر ہلکا ہاتھ

گیلاڈ نے ترقی یافتہ ممالک کے برعکس 127 غریب ملکوں میں وہاں کی مقامی کمپنیوں کو دوا کی تیاری کا لائسنس دیا ہے، تاکہ قیمت کم رکھی جاسکے، ان میں سے 2 ممالک میں ایک مریض کا کورس 600 ڈالر میں کیا جارہا ہے، پاکستان میں بھی لاہور کی ایک دوا ساز کمپنی اس دوا کو تیار کرے  گی، اور یہاں بھی امریکہ اور یورپ کے مقابلے میں  نرخ بہت کم رکھے جائیں گے۔

دوا کا اثر

اگرچہ کرونا کی اب تک کوئی دوا یا ویکسین تیار کرنے میں انسانوں کو کامیابی نہیں مل سکی، تاہم remdesivir اب تک کرونا مریضوں پر باقی ادویات کے مقابلے میں زیادہ موثر ثابت ہوئی ہے، اور اس کے استعمال سے مریض جلدی ریکور ہوئے ہیں، امریکی حکومت کی تحقیق کے مطابق اس دوا کے استعمال سے مریض 11 روز میں ٹھیک ہوئے ہیں، جبکہ باقی ادویات میں یہ وقت 15 روز تک بڑھ جاتا ہے، تاہم جان بچانے کی شرح بہتر بنانے میں یہ دوا بھی زیادہ موثر نہیں ہوسکی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.