جہلم، شیخوپورہ اور سرگودھا کے کون سے پیٹرول پمپ چوری میں پکڑے گئے؟

0

جہلم : پنجاب میں محکمہ اینٹی کرپشن نے پیٹرول او ر ڈیزل کے ناپ میں کمی کے ذریعہ عوام کو بھاری نقصان پہنچانے والے پیٹرول پمپوں کیخلاف کارروائی تیز کردی ہے، اور جہلم کے معروف پمپ سمیت شیخوپورہ اور سرگودھا میں کئی پمپ سیل کردئیے ہیں۔

اینٹی کرپشن راولپنڈی کی ٹیم نے گزشتہ روز محکمہ معدنیات کے افسران کے ہمراہ جہلم کے مختلف پٹرول پمپس کی اچانک چیکنگ کی اس دوران  ناپ میں کمی ثابت ہونے پر دو پٹرول پمپس پی ایس او پٹرول پمپ ریورویو پلازہ جہلم اور حامد پٹرولیم سول لائینز روڈ جہلم کو سیل کردیا ہے ۔

ریور ویو  پی ایس او  پمپ  جی ٹی روڈ پر واقع  بڑا پمپ ہے اور یہاں سے عوام کی بڑی تعداد   تیل ڈلواتی ہے ، دونوں پمپوں کیخلاف  قانونی کارروائی  بھی  جاری ہے۔

 اسی طرح اینٹی کرپشن لاہور کی ٹیم نے شیخوپورہ کے مختلف پٹرول پمپس کی اچانک چیکنگ کی اور  ناپ میں کمی ثابت ہونے پر 4 پٹرول پمپس، خوشی فلنگ اسٹیشن شیخوپورہ، انرجی پٹرول پمپ شیخوپورہ، ورک ٹرکنگ اسٹیشن شیخوپورہ اور طاہر فلنگ اسٹیشن شیخوپورہ کو سیل کردیا۔

اینٹی کرپشن سرگودھا نے محکمہ انڈسٹریز کے افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف پٹرول پمپس کو چیک کیا اور ناپ میں کمی ثابت ہونے پر تین پٹرول پمپس شیرازی پٹرولیم سرگودھا، شیر فلنگ اسٹیشن سرگودھا اور مصطفی پٹرول ایجنسی کو بھاری جرمانہ کیا  جبکہ مزید کارروائی بھی جاری ہے ۔

دوسری جانب اینٹی کرپشن سرگودھا نے کرپٹ مافیا کے خلاف کاروائی کر تے ہوئے ضلع بھکر میں محکمہ مال کے پٹواری اور منشی کو شہری حبیب اللہ ولد محمدسکنہ منکیرہ سے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ملزمان سے رشوت کی رقم برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.