رپورٹ :تصدق حسین
اسلام آباد: بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نے کراچی سمیت سندھ کا امن خراب کرنے کیلئے مہاجر فریڈم فائٹر کے نام سے نیا گروپ تشکیل دیا ہے، جس میں ایم کیو ایم کے الطاف حسین گروپ اور سندھی علیحدگی پسند رہنما شفیع برفت کے حامی شامل ہیں، را نے دونوں گروپوں کو مشترکہ طور پر کارروائیوں کا ٹاسک دیا ہے، تاہم اس نئے گروپ کے کئی ارکان سیکورٹی اداروں کی تحویل میں آگئے ہیں، اور گروہ کے باقی دہشت گردوں کا تعاقب بھی جاری ہے۔
مہاجر فریڈم فائٹر
مہاجر فریڈم فائٹر کا نام چند روز قبل 22 جون کو اس وقت سامنے آیا جب ایم کیو ایم پاکستان کے ایک رکن اسمبلی صداقت حسین پر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کی گئی ،تاہم سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس گروپ کی تشکیل لندن میں ہوئی ہے ،جہاں ’’را‘‘ کی نگرانی میں الطاف حسین اور سندھی علیحدگی پسند رہنما شفیع برفت کی ملاقات کرائی گئی۔
یہ ملاقات کرونا بحران سے کچھ ہی پہلے ارینج کی گئی تھی ، اس میں بھارتی خفیہ ایجنسی نے اپنے دونوں ایجنٹوں کو ہدایت کی کہ وہ مل کر کارروائیاں کریں، کیوں کہ بھاری سرمایہ کاری کے باوجود دونوں گروپ اس کے دئیے ٹاسک پورے نہیں کر پارہے تھے ۔
ذرائع کے مطابق الطاف حسین پر برطانوی عدالت نے کچھ پابندیاں لگا رکھی ہیں، اور ان پابندیوں کی خلاف ورزی سے بچنے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیو ایم لندن کے بجائے کوئی نیا نام استعمال کیا جائے، جو دہشت گرد حملوں کی ذمہ داری قبول کرے، اس کیلئے مہاجر فریڈم فائٹر پر اتفاق ہوا۔
جنوبی افریقہ سیٹ اپ
ایم کیو ایم کا جنوبی افریقہ میں دہشت گرد سیٹ اپ ہمیشہ مضبوط رہا ہے ،اور وہاں بھارتی سفارتخانے میں تعینات ’’را‘‘ کے افسران بھی اس سیٹ اپ سے رابطے میں رہتے ہیں ، اسی سیٹ اپ کو دہشت گردی کی نئی کارروائیوں کیلئے زیادہ کردار دیا گیا ہے ۔
ذرائع کےمطابق جن دہشت گردوں کو کراچی میں دہشت گردی کے ٹاسک دئیے گئے ہیں ،ان میں کلیم عرف کالا،سعودقریشی عرف زکوٹا، طراوش اور راشد کالا شامل ہیں ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دہشت گردوں نے کراچی میں اپنے سلیپر ز سیل کو سرگرم کرنے کی کوشش کی ہے ،لیکن سیکورٹی اداروں کے چوکنا ہونے کےباعث ان کے کئی دہشت گرد گزشتہ دو ہفتوں کے دوران گرفتار کئے جاچکے ہیں ۔
شکیل عرف ہڈی کی گرفتار
گزشتہ روز بھی ایم کیو ایم کا خطرناک دہشت گرد اور 100 سے زائد افراد کا قاتل شکیل عرف ہڈی گرفتار کیا گیا،جو پولیس اہلکاروںسمیت سیاسی شخصیات پر بھی حملوں اورقتل میں ملوث تھا ۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کراچی میں اے این پی کے رہنما بشیر جان اور شاہ فیصل کالونی کے انچارج نبی خان سمیت درجنوں کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے ۔
شکیل عرف ہڈی نے اورنگی ٹاون کے علاقے میں قطر اسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر محمد عرفان کی بھی ٹارگٹ کلنگ کا بھی اعتراف کیا ہے ۔ اس سے مہاجر فریڈم فائٹر کے حوالے سے بھی تفتیش کی جارہی ہے۔