فلائی دبئی کا پاکستان کیلئے فیصلہ تبدیل

0

دبئی: یواے ای کی اکانومی ائیر لائن فلائی دبئی نے پاکستان کیلئے دوطرفہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان ایک روز بعد ہی واپس لے لیا, اب فلائی دبئی صرف یکطرفہ پروازیں چلائے گی۔

دبئی سے مسافر پاکستان لائے جائیں گے لیکن پاکستان سے طیارے خالی واپس جائیں گے اور یہاں سے مسافر نہیں اٹھائے جائیں گے، ائیر لائن کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ایمریٹس ائیر لائن نے بھی پاکستان کیلئے آپریشن 3 جولائی تک بند کردیا تھا۔ تاہم فلائی دبئی نے یکطرفہ یعنی دبئی سے مسافروں کو لانے کیلئے پروازیں برقرار رکھی ہیں۔

دبئی سے اسلام آباد کیلئے 25، 28 اور 29 جون کو پروازیں آئیں گی، دبئی سے روانگی دن 11 بجے جبکہ اسلام آباد آمد مقامی وقت کے مطابق 4 بجے ہوگی۔

اسی طرح لاہور کیلئے 25، 27 اور 30 کو پروازیں چلیں گی، دبئی سے روانگی ساڑھے بارہ بجے اور لاہور آمد ساڑھے چار بجے دن ہوگی۔

ملتان کیلئے 26، 27، 29 اور 30 جون کو پروازیں آپریٹ ہوں گی، دبئی سے روانگی ساڑھے 9 بجے اور ملتان آمد ایک بجےہوگی۔

کراچی کیلئے 25 اور 30 جون کو دو پروازیں چلیں گی، دبئی سے روانگی 7 بج کر 50 منٹ اور آمد گیارہ بجے دن ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.