ایک ڈالر کے 2 لاکھ ریال ملنے لگے، ایسا کیسے ہوگیا

0

تہران: ایک ڈالر 2 لاکھ ریال کے برابر،کیوں یقین نہیں آیا  ناں،لیکن یہ حقیقت ہے، البتہ یہ بدقسمت ریال ہے ایران کا، جس کی قدر امریکی پابندیوں اور تیل قیمتوں میں کمی کی وجہ  سے گزشتہ روز اتنی گرگئی کہ اگر آپ کو چند سو ڈالر کو ایرانی ریال میں تبدیل کرنا پڑجائے تو کیلکولیٹر ہی جواب دے جائے۔

جمعہ تک ایک ڈالر کے مقابلے میں ایک لاکھ 88 ہزار ریال مل رہے تھے، لیکن پھر گراوٹ کی ایک اور لہر آئی، جو منگل کو ایرانی ریال کو 2 لاکھ 5 ہزار کی پستی  پر لے گئی۔

اس حوالے سے ایرانی صدر حسن روحانی نے اپنی پریشان قوم کو یہ کہہ کر تسلی دی ہے کہ ایرانی ریال کی قدر میں کمی عارضی ہے، اور یہ کہ ریال جلد اپنی قدر بہتر بنانے کےقابل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کیخلاف نفسیاتی جنگ لڑی جارہی ہے، جس سے ریال کی قدر میں کمی ہوئی، تاہم ایرانی صدر کی تسلیوں کے برعکس ایرانی عوام کیلئے زندگی مشکل سے مشکل تر ہوتی جارہی ہے،اور بڑھتے افراط زر نے ان کیلئے خوراک کا حصول بھی مشکل  کردیا ہے۔

ملک میں ادویات کی بھی قلت ہے، معیشت کی حالت پتلی ہونے کے باوجود ایران کی مذہبی قیادت شام اور یمن جنگ میں مداخلت جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہاں اربوں ڈالر اب تک پھونکے جاچکے ہیں،جس سے عوام میں بےچینی پائی جاتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.