شریف فیملی کا اتفاق اسپتال بھی کورونا مریضوں کو لوٹنے میں ملوث نکلا، نوٹس جاری 

1

لاہور: فلاحی بنیادوں پر اتفاق اسپتال چلانے کی دعویدار شریف فیملی نے کورونا کے مریضوں سے لوٹ مار شروع کردی ہے، جس پر پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن نے اسے نوٹس جاری کردیا ہے، اتفاق اسپتال کے ساتھ  6 دیگر اسپتالوں کو بھی مریضوں سے  اوورچارجنگ پر نوٹس جاری کئے گئے ہیں ، اور سلسلہ نہ روکنے پر اسپتال سیل کرنے کا انتباہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کو اتفاق اسپتال سمیت 7 اسپتالوں کے بارے میں شکایات موصول ہوئی تھیں کہ وہاں کورونا مریضوں سے زائد رقم وصول کی جارہی ہے، جس پر تحقیقات کی گئیں، تو یہ اسپتال اوور چارجنگ میں ملوث پائے گئے، جس پر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے لاہور کے 6 اسپتالوں کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔

جن اسپتالوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں ان میں اتفاق اسپتال، فاطمہ میموریل، اکرم میڈیکل کمپلیکس،  لاہور کئیر، اے وی سینا اور مسعود اسپتال جبکہ ملتان کے  نجی اسپتال بختاور امین ٹرسٹ اینڈ میڈی کیئر شامل ہیں۔

نوٹس میں ان اسپتالوں کو 24 گھنٹے کی مہلت دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ اوورچارجنگ بند اور حکومت کی ہدایات پر عمل کریں، ورنہ اسپتال کو سیل کردیا جائے گا۔

ہیلتھ کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ اتفاق اسپتال سمیت ان اسپتالوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ فروری میں حکومت کے کورونا مریضوں کے علاج کیلئے مقرر کردہ نرخوں  پر عمل یقینی بنائیں اور زائد وصولی فوری روکی جائے، ورنہ کارروائی کی جائے گی۔

نوٹس میں ان اسپتالوں کو وینٹی لیٹر، آئیسولیشن وارڈ، انتہائی نگہداشت یونٹ سمیت روزانہ کے چارجز سرکاری منظور شدہ  نرخوں کی فہرست بھی اسپتالوں میں نمایاں مقام پر لگانے کی ہدایت کی گئی ہے، تاکہ مریض اور ان کے  اہلخانہ کو اس سےآگاہی مل سکے۔

1 Comment
  1. Tasadduq says

    شرم کی بات ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.