تاریخی سیریل ارطغرل کی وجہ سے حدیقہ کیانی کا گانا مقبول ہوگیا

0

لاہور: ترکی کی تاریخی سیریل ’’ارطغرل‘‘ کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے کچھ پاکستانی اداکار تو حسد میں مبتلا ہوگئے اور انہوں نے مقامی انڈسٹری کے نام پر پروپیگنڈہ شروع کردیا، حالاں کہ ان میں سے بیشتر اداکاروں نے بھارت اور خود ترکی کے پاکستانی چینلز پر برسوں سے چلنے والے ڈراموں پر کبھی اعتراض نہیں کیا۔

ایک مخصوص طبقے کی ارطغرل پر اعتراض کی وجہ اس سیریل کا اسلامی انداز اور مشرقیت ہے، تاہم اب معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی اس ڈرامے کے حق میں کھل کر سامنے آئی ہیں۔

حدیقہ کیانی نے ارطغرل کے کرداروں کی پاکستان سے محبت کا جواب بھی دیا ہے، اور اس کیلئے انہوں نے ترکش زبان میں گانا ریلیز کیا ہے، جو بہت ہٹ جارہا ہے۔

واضح رہے کہ حدیقہ کیانی کے آباؤ و اجداد کا تعلق بھی ترکی سے تھا، اس لئے انہیں ترکی اور ترک ثقافت سے خصوصی لگاؤ رہا ہے۔

حدیقہ کیانی کا یہ گانا بالکل نیا نہیں لیکن کئی برس قبل ترک زبان میں گائے گئے گانےکو انہوں نے نئے انداز میں ترتیب دیا ہے، اور اس کے ذریعے تاریخی سریل ارطغرل کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

گلوکارہ نے گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے مذکورہ گانے کو 2005 میں پہلی مرتبہ گایا تھا مگر اب وہ اسے ڈرامہ ارطغرل غازی کی شہرت کو دیکھتے ہوئے دوبارہ ترتیب دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان اور اس کے عوام کی ترکی سے محبت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.