سندھ میں ’’را‘‘ نے متحدہ لندن اور سندھی گروپ کو سرگرم کیا، اہم کڑیاں مل گئیں

0

اسلام آباد:(تصدق حسین) کراچی، گھوٹکی اور لاڑکانہ میں رینجرز پر حملوں میں ایم کیو ایم لندن گروپ اور سندھی قوم پرستوں کا ایک ٹولہ ملوث ہے، جنہیں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نے تربیت دی ہے اور ان کا اتحاد کرایا ہے۔

’’را‘‘ نے ان دہشت گردوں کے ذریعہ بیک وقت کراچی اور اندرون سندھ امن و امان خراب  کرنے کی سازش تیار کی گئی ہے، تاہم سیکورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ وہ الرٹ ہیں اور ان دھماکوں میں ملوث گروپ کا گھیرا تنگ کررہے ہیں، جلد ہی خوشخبری ملے گی۔

اطلاعات کے مطابق 3 دہشت گرد سیکورٹی اداروں نے تحویل میں لے لئے ہیں اور ان کا تعلق را سے جڑے سندھی دہشت گرد گروپ سے ہے، ان دہشت گردوں نے تفتیش میں اہم انکشافات کئے ہیں۔

 ’’را‘‘ نے کہاں تربیت دی ؟

سیکورٹی ذرائع کے مطابق سندھی دہشت گردوں کے گروپ کو افغانستان میں بلوچ باغیوں کے ساتھ ’’را‘‘ کے کیمپوں میں تربیت دی گئی ہے، اور الطاف حسین ٹولے کے ساتھ ان کا اتحاد کرایا گیا ہے، تاکہ دونوں گروپ ملک کر دہشت گردی کی کارروائیاں کریں اور سندھ کے شہری و دیہی علاقوں کو ایک ساتھ نشانہ بنایا جائے، اس طرح الطاف کے دہشت گردوں کیلئے اندرون سندھ روپوشی  کا راستہ بھی نکالا گیا ہے۔

ایک سیکورٹی ذریعہ نے ’’احساس نیوز‘‘ کو بتایا کہ اگرچہ دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرنے کا بیان  کالعدم تنظیم سندھو دیش ریولیشنری آرمی  کی طرف سے آیا ہے، لیکن یہ گمراہ کرنے کی کوشش ہوسکتی ہے، کراچی میں یہ سندھی قوم پرست گروپ ایم کیو ایم لندن کی مدد کے بغیر کارروائی نہیں کرسکتا۔

کڑیاں مل گئیں

حکام کا کہنا ہےکہ ہمارے ہاتھ میں کچھ کڑیاں آگئی ہیں، اور 10 جون کو رینجرز پر کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں جن دہشت گردوں نے دستی بم سے حملہ کیا تھا، ان کی تصاویر بھی حاصل ہوچکی ہیں، بہت جلد ہم ان تک پہنچ جائیں گے۔

ان تصاویر کو عوام کیلئے بھی جاری کیا گیا ہے، تاکہ اگر کوئی ان سے آگاہ ہو تو وہ رینجرز یا پولیس کو مطلع کرسکے، اس حوالے سے رینجرز کی ہیلپ لائن پر اطلاع دی جاسکتی ہے، اور اطلاع دینے والا کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا اور اس کی مناسب حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔

اس کے علاوہ ایم کیو ایم لندن کے سلیپر سیل کے کچھ ارکان بھی سیکورٹی اداروں کے ہاتھ آئے ہیں، اور ان سے بھی تفتیش جاری ہے، اس حوالے سے سی ٹی ڈی کے ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر جمیل احمد نے ایک غیر ملکی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ کراچی اور گھوٹکی حملوں میں مقامی گروپ ملوث ہے، جسے پڑوسی ملک اور ایم کیو ایم کے لندن گروپ کی حمایت حاصل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس گروپ کو بلوچستان کے دہشت گردوں نے تربیت فراہم کی ہے اور جو بارودی مواد استعمال  ہوا ہے، وہ مقامی طور پر دستیاب ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.