پاکستان آؤ اور سیدھے اپنے گھر جاؤ، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے نئی پالیسی نافذ

0

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اوورسیز پاکستانیوں کیلئے وطن واپسی پر قرنطینہ کی شرط ختم کرنے پر عمل درامد شروع ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق اب وطن واپس آنے والے پاکستانی ائرپورٹ سے سیدھے اپنے گھروں میں جاسکیں گے، اور استقبال کیلئے بھی اپنے عزیزوں کو ائر پورٹ بلوا سکیں گے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس حوالے سے نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے اور اس کا اطلاق آج (جمعرات) سے ہوگا۔

واضح رہے کہ ’’احساس نیوز‘‘ نے کئی روز پہلے ہی اس حوالے سےخبر دے دی تھی کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کیلئے لازمی قرنطینہ کی شرط ختم کرنے جارہی ہے۔

بدھ کو جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق وطن لوٹنے والے پاکستانیوں کا ائر پورٹ پر درجہ حرارت چیک کیا جائے گا، جس کے بعد انہیں گھروں کو جانے کی اجازت ہوگی۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق اگر کسی مسافر میں کورونا کی علامات پائی گئیں، تو اس کا ائر پورٹ پر ہی ٹیسٹ کیا جائے گا، اور انہیں بھی گھر میں قرنطینہ کی ہدایت کے ساتھ روانہ کردیا جائےگا، تاہم ا یسے مسافروں کے ٹیسٹ کا نتیجہ آنے تک ان کی آئی ایس آئی کے تیار کردہ ٹریس اور ٹریکنگ سسٹم سے نگرانی کی جائے گی۔

اگر بعد میں ان کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آتا ہے تو ایسے مسافروں کو گھر میں قرنطینہ کیلئے کہا جائے گا اور متعلقہ ضلع کے صحت کے حکام اس مریض کو ضروری رہنمائی و علاج کی سہولت گھر پر ہی فراہم کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.